کیلیفورنیا(ویب ڈیسک) امریکا میں روایتی دھاتی نمبر پلیٹ کی جگہ اب ڈیجیٹل نمبر پلیٹ جاری کی جارہی ہیں جو فی الحال مہنگی کاروں کی زینت بنائی گئی ہیں۔ جدید نمبر پلیٹس میں بہت سارے فیچرز بھی موجود ہیں۔پہلے مرحلے میں ڈیجیٹل نمبر پلیٹوں کو شیورلیٹ بولٹ ای وی کاروں پر لگایا گیا ہے اور اسے ریو اور آٹو آرپلیٹ پرو کمپنی نے جاری کیا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل نمبر پلیٹ ایک بیٹری سے چلتی ہے اور اس طرح یہ روایتی نمبر پلیٹ کے مقابلے میں بہت بہتر ہے۔ اسے کیلی فورنیا میں جاری کیا جارہا ہے لیکن وہاں اب بھی روایتی نمبر پلیٹوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ڈیجیٹل نمبر پلیٹ ہر قسم کے موسم کو برداشت کرسکتی ہے اور ازخود کار کی رجسٹریشن اور سالانہ ٹیکس ادائیگی میں بھی مدد کرتی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ نمبر پلیٹ انٹرنیٹ سے جڑی ہوئی ہے اور اسے چرانا بہت مشکل ہے۔ اس میں جی پی ایس نظام موجود ہے جو گاڑی کی پارکنگ میں مدد دیتا ہے۔ علاوہ ازیں آپ اپنی کار کو اشتہارات کے لیے استعمال کرکے نمبر پلیٹ سے رقم بھی کما سکتے ہیں۔