ہرارے (اے پی پی) فخر زمان کی عمدہ بیٹنگ اور باﺅلرز کی شاندار باﺅلنگ کی بدولت پاکستان نے سہ فریقی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ سیریز کے پانچویں میچ میں آسٹریلیا کو 45 رنز سے ہرا دیا۔ فخر زمان نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 73 رنز بنائے اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے، شاہین شاہ آفریدی نے عمدہ باﺅلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین شکار کئے، پاکستانی باﺅلرز کی عمدہ باﺅلنگ کی بدولت آسٹریلوی ٹیم 195 رنز ہدف کے تعاقب میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 149 رنز بناسکی، سہ فریقی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ سیریز کا فائنل پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائیگا۔ جمعرات کو کھیلے گئے سہ فریقی سیریز کے پانچویں میچ میں پاکستان ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بناکر کینگروز کو میچ میں کامیابی کے لئے 195 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، فخر زمان نے ڈٹ کر کینگروز باﺅلرز کا مقابلہ کیا اور 73 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے، اس دوران انہوں نے 42 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 3 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 73 رنز بنائے۔ انہیں 73 کے انفرادی سکور پر سٹوئنس نے میکسویل کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ کیا۔ آصف علی نے ناقابل شکست 37، حسین طلعت نے 30، شعیب ملک 27 ، جبکہ کپتان سرفراز احمد 14 بنا کر آﺅٹ ہوئے، آصف علی 37 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے، آسٹریلیا کی طرف سے اینڈریو ٹائے، نے تین، رچرڈ سن نے دو جبکہ گلین میکسویل اور سٹوئنس نے ایک ایک وکٹ لی، جواب میں آسٹریلیا کی طرف سے شارٹ اور ارون فنچ نے اننگز کا آغاز کیا، جو کچھ خاص نہ تھا، فنچ آسٹریلیا کے پہلے آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 16 رنز بناکر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر وکٹ کیپر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوگئے۔ ٹراویز ہیڈ دوسرے آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو محض 7 رنز بناکر فہیم اشرف کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ گلین میکسویل بھی کوئی خاطر خواہ کارکردگی کا سامنا نہ کر پائے اور صرف 10 رنز بناکر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آﺅٹ ہوگئے۔، نک ماڈینسن چوتھے آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 5 رنز بناکر شاداب خان کی گیند پر وکٹ کیپر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوگئے اس موقع پر شارٹ 28 رنز بناکر شاہین شاہ آفریدی کی گیند کا نشانہ بنے۔ سٹوئنس16 رنز بناکر عثمان خان کی گیند پر آصف علی کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوگئے۔ ایشٹن ایگر 11 رنز بناکر محمد عامر کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ کیری 37 اور ٹائے 12 رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ رہے۔ یوں پاکستانی باﺅلرز کی عمدہ باﺅلنگ کی بدولت آسٹریلوی ٹیم 195 رنز ہدف کے تعاقب میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 149 رنز بناسکی اور پاکستان نے آسٹریلیا کو میچ میں 45 رنز سے شکست دے دی۔ پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی نے عمدہ باﺅلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین، محمد عامر، فہیم اشرف، شاداب خان اور عثمان خان نے ایک ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔ پاکستان کے فخر زمان نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 73 رنز بنائے اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
