رائے ونڈ (خصوصی رپورٹ) ایک ماہ قبل تشدد کے بعد تیل جھڑک کر جلانے سے ہلاک ہونیوالی نویلی دلہن کی قبرکشائی کی گئی،فرانزک لیبارٹری نے نمونہ جات حاصل کرلئے۔تفصیلات کے مطابق جودھودھیر کے محنت کش محمد اقبال جٹ سندھو کی بیٹی ثناءکی شادی دو ماہ قبل نوجوان محمد وقاص سے ہوئی مگر اکثر جھگڑا رہتا،کئی بار بیوی کو پیٹا۔30ستمبر کو اقبال کے بہنوئی محمد زاہد کو فون پر محلے داروں نے اطلاع دی کہ ثناءکو گزشتہ رات جلا دیا گیا، ثناءکا بھائی اور والدہ بیٹی کے سسرال پہنچے تو دوسری منزل پر کچن میں ثناءکی جلی ہوئی نعش پڑی تھی،سسرالیوں نے ثناءکو رشتہ داروں کے آنے سے پہلے ہی جلدی جلدی دفنا دیا،کسی نے 15پر کال چلادی اور پولیس موقع پر پہنچ گئی جس نے شوہر وقاص کو حراست میں لے لیا اور چوتھے دن چھوڑ بھی دیا۔ثناءکے گھروالوں نے قبرکشائی کے لئے عدالت سے رجوع کیا۔گزشتہ روز 26دن بعد قبرکشائی کی گئی جو سول جج چودھری یاسر محمود کی نگرانی میں ہوئی،اس موقع پر گاﺅں والوں کی کثیر تعداد موجود تھی جو ملزمان کی گرفتاری اور مظلوم خاندان کو انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے رہے،انہوں نے کہا کہ پولیس کی مجرمانہ غفلت کی وجہ سے وہ انصاف سے محروم ہوئے ہیں۔