امروہہ(ویب ڈیسک) بھارت میں جنسی جرائم عام ہونے کی وجہ سے ہر روز بے شمار خواتین پولیس کے پاس شکایت لے کر پہنچتی ہیں لیکن گزشتہ روز ایک لڑکی امروہہ شہر کے ایک پولیس سٹیشن میں ریپ کی رپورٹ درج کروانے پہنچی تو ساتھ ایسی چیز تھیلے میں ڈال کر لے آئی کہ دیکھ کر پولیس والے بھی دنگ رہ گئے۔19 سالہ لڑکی نے پولیس کو بتایا کہ ایک اوباش شخص نے چند ماہ قبل اسے زیادتی کا نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں وہ حاملہ ہو گئی۔ ملزم نے جان سے مارنے کی دھمکیاں دے کر اسے خاموش کروا رکھا تھا۔ جب اسے معلوم ہوا کہ لڑکی حاملہ ہو چکی ہے تو اس نے زبردستی اس کا اسقاط حمل بھی کروا دیا۔ لڑکی کا کہنا تھا کہ اب اس کے لئے مزید خاموش رہنا ممکن نہیں تھا لہٰذا وہ اسقاط حمل کے باعث ضائع ہونے والے بچے کو بیگ میں ڈال کر پولیس کے پاس پہنچ گئی۔پولیس کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ ان کے لئے بھی انتہائی غیر متوقع تھا کیونکہ انہیں پہلے کبھی تھانے کے اندر ایسی صورتحال کا سامنا نہیں کرنا پڑا تھا۔ لڑکی کی شکایت پر ملزم کے خلاف رپورٹ درج کر لی گئی جبکہ اس کے ضائع ہونے والے بچے کو فورینزک تجزیے کے لئے بھیج دیا گیا۔ دریں اثنائ ملزم مفرور ہے اور اس کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
