نیویارک(ویب ڈیسک)اس دنیا میں ایک سے بڑھ کر ایک عجیب واقعہ پیش آتا ہے لیکن عروسی لباس میں ملبوس سجی سنوری دلہن بیچ سڑک سیلابی پانی میں گھری گاڑی کی چھت پر کھڑی چیخ چلا رہی ہو، ایسا منظر کس نے دیکھا ہو گا؟ گزشتہ روز یہ حیرت انگیز منظر امریکی ریاست نیوجرسی کے شہر بگوٹا میں دیکھنے کو ملا جہاں اچانک نمودار ہونے والے سیلاب نے پل بھر میں گلیوں کو نہروں میں بدل دیا۔ بدقسمتی سے ایک دلہن بھی اس فلیش فلڈ کی زد میں آ گئی جو جان بچانے کے لئے ایک گاڑی کی چھت پر چڑھ گئی۔ خوش قسمتی سے اسے بگوٹا پولیس کے دو اہلکاروں نے بروقت دیکھ لیا اور طاقتور فوجی گاڑی ہموی کو استعمال کرتے ہوئے خطرے میں گھری دلہن کو ریسکیو کر لیا۔بگوٹا پولیس کے مطابق سبرینا نامی یہ دلہن اچانک آنے والے سیلابی ریلے میں پھنس گئی تھی اور جان بچانے کے لئے اپنی گاڑی کی چھت پر چلی گئی تھی۔ اس سے پہلے کہ سیلاب کا طاقتور ریلا اسے گاڑی سمیت بہا لیجاتا، بہادر پولیس اہلکاروں نے خود کو خطرے میں ڈال کر اسے بچالیا۔ پولیس اہلکار مائیکل لفریرا اور جیفری پول ہموی گاڑی کو ریورس کرکے سبرینا کی گاڑی کے قریب لے کر گئے اور پھر سن روف کے ذریعے اسے اپنی گاڑی میں منتقل کیا۔