تازہ تر ین

کراچی ،راولپنڈی ملتان میں نئے کور کمانڈرز تعینات

راولپنڈی (صباح نیوز) پاک فوج کے 6لیفٹیننٹ جنرلز کے تبادلے اور تقرریاں کی گئی ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق پاک فوج میں اعلی سطح پر تقرر و تبادلے کیے گئے ہیں جس کے تحت لیفٹیننٹ جنرل ہمایوں عزیز کور کمانڈر کراچی جبکہ لیفٹیننٹ جنرل شاہد بیگ مرزا آئی جی کمیونیکیشن و آئی ٹی مقرر کردیئے گئے ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبر کو کور کمانڈر راولپنڈی اور لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا کو چیف آف جنرل اسٹاف مقرر کردیا گیا، لیفٹیننٹ جنرل نعیم اشرف کور کمانڈر ملتان جبکہ لیفٹیننٹ جنرل عبداللہ ڈوگر کو چیئرمین ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا تعینات کر دیاگیا ہے۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل شاہد بیگ مرزا اس سے قبل کمانڈر فائیو کور، لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبر چیف آف جنرل اسٹاف جبکہ لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا پہلے کمانڈر ٹین کور تعینات تھے۔ لیفٹیننٹ جنرل عبداللہ ڈوگر پہلے کمانڈر کور 2، لیفٹیننٹ جنرل ہمایوں عزیز آئی جی کمیونیکیشن و آئی ٹی اور لیفٹیننٹ جنرل نعیم اشرف چیئرمین ایچ ای ٹی تعینات تھے۔اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)حکومت نے سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اورنگزیب حق کو عہدے سے ہٹا کر ان کی جگہ ڈاکٹر اعجاز منیر سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن تعینات کر دیا۔جمعہ کو سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو ان کے عہدے ہٹا دیا گیا ان کی جگہ تعینات کیے جانے والے ڈاکٹر اعجاز منیر سیکرٹری ایوی ایشن ڈویژن تعینات تھے جبکہ اورنگزیب حق کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ وفاقی حکومت نے سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اور سیکرٹری ایوی ایشن ڈویژن سمیت متعدد افسران کے تبادلوں کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے گریڈ 22 کے آفیسر اورنگزیب حق کو سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے تبدیل کر کے انہیں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے جبکہ پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے گریڈ 22 کے آفیسر اعجاز منیر کو سیکرٹری ایوی ایشن ڈویژن سے تبدیل کر کے سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن تعینات کر دیا ہے۔ پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے گریڈ 19 کے آفیسر زاہد بن مقصود کی خدمات پنجاب حکومت سے واپس لے کر انہیں ڈپٹی سیکرٹری وزیراعظم آفس تعینات کر دیا گیا ہے۔ پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروسز کے گریڈ 20 کے آفیسر محمد زبیر ہاشمی کو نیکٹا سے تبدیل کر کے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تعلیم ڈویژن میں تعینات کر دیا ہے۔

 


اہم خبریں
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain