نیویارک(ویب ڈیسک) عالمی شہرت یافتہ فوڈ چین ”میکڈونلڈز“ غذائی معیار پر مبینہ کمپرومائز کرنے کے سبب ایک بار پھر زیر عتاب ہے۔ اس بار الزام یہ ہے کہ میکڈونلڈز اپنی مقبول پراڈکٹس تیار کرنے کے لئے ایسی مرغیوں کی خریداری کرتا ہے جو دل کی بیماری میں مبتلاءہوتی ہیں،معذوری کی شکار ہوتی ہیں، اور بعض اوقات دل کے دورے کے باعث استعمال سے پہلے ہی ان کی موت ہو چکی ہوتی ہے۔ ان مرغیوں کا استعمال میک نگٹس ، چکن سینڈوچ اور سیلڈ وغیرہ میں کیا جاتا ہے۔امریکا میں جانوروں کے حقوق کے لئے کام کرنے والی تنظیموں کا کہنا ہے کہ برائلر مرغیوں کو ایسی غذائیں اور ادویات دی جاتی ہیں کہ ان کا وزن غیر معمولی تیزی سے بڑھنے لگتا ہے۔ وزن میں ابنارمل اضافے کی وجہ سے ان مرغیوں میں صحت کے سنگین مسائل پیدا ہو جاتے ہیں۔ یہ اکثر ہارٹ اٹیک اور معذوری کی شکار ہو جاتی ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ برائلر مرغیوں کا وزن اس قدر تیزی سے بڑھتا ہے کہ ان کی ہڈیاں اور اندرونی اعضاءوزن میں اس اضافے کا مقابلہ نہیں کر پاتے جس کی وجہ سے انہیں ہارٹ اٹیک ہو جاتا ہے۔ اسی طرح بالائی جسم کے بھاری وزن کی وجہ سے ان کی ٹانگیں کمزور ہوجاتی ہیں اور معذوری کے باعث یہ چلنے پھرنے سے قاصر ہوجاتی ہیں۔جانوروں کے حقوق کیلئے کام کرنے والے اداروں نے میکڈونلڈز پر الزام عائد کیا ہے کہ یہ ایسے سپلائرز سے برائلر مرغیاں لے رہا ہے جو صحت و صفائی کے مطلوبہ معیار کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہے ہیں اور ان کی فراہم کردہ مرغیاں انسانی صحت کے لئے نقصان دہ ہیں۔ ان تنظیموں نے میکڈونلڈز سے مطالبہ کیا ہے کہ مضر صحت برائلر مرغی کی خریداری فوری طور پر بند کی جائے اور اس کی جگہ قدرتی غذا سے صحت بخش ماحول میں پرورش پانے والی مرغی استعمال کی جائے۔