لاہور (شوبزڈیسک) پاکستانی ڈراموں کی معروف اداکارہ صباءقمر نے کہا ہے کہ جب میں شوبز کی دنیا میں آئی تو مجھ میں نادانی کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی تھی ، آغاز میں غلطیاں بھی سرزد ہوئیں ۔ ایک انٹرویو میں صباءقمر نے کہا کہ شوبز کی دنیا سے بہت کچھ سیکھ چکی ہوں، اب تو منافق لوگوں کی بھی پہچان رکھتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آپ کا بہترین ساتھی آپ کا عمدہ اور منفرد کام ہے جو آپ کو ہمیشہ نمایاں رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب پاکستانی ڈرامے بھارتی ڈراموں کے گلیمر کے سحر سے نکل چکے ہیں۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ میں ذاتی طور پر پاکستانی سینماءمیں بھارتی فلموں کی نمائش کے حق میں نہیں ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں معیاری اور بامقصد فلمیں بنانی ہونگی جس میں اصلاح اور تفریح کا عنصر موجود ہوں۔ انہوں نے کہا کہ شادی کے بارے میں کم ہی سوچتی ہوں ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پریشانیوں اور مشکلات سے نہیں گھبراتی ، چیلنج خوشی سے قبول کرتی ہوں، کام میں مقابلہ کرنا اچھا لگتا ہے۔
