انکونا(ویب ڈیسک) اٹلی کے نائٹ کلب میں میوزک کنسرٹ کے دوران بھگڈر کے نتیجے میں 6 افراد کچل کر ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق اٹلی کے ساحلی شہر انکونا کے نائٹ کلب میں مبینہ پیپر اسپرے کے بعد افراتفری مچ گئی اور باہر نکلنے کی کوشش میں 6 افراد ہجوم میں کچل کر ہلاک ہوگئے جب کہ درجنوں زخمی ہیں۔پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر ہجوم کو قابو کیا اور نائٹ کلب کا محاصرہ کرکے ریسکیو ادارے کو طلب کیا گیا، پولیس نے ابتدائی شواہد جمع کر لیے ہیں۔ ابتدائی شواہد سے لگتا ہے کہ پیپر اسپرے کی افواہ پر بھگڈر مچ گئی تھی۔ریسکیو اداروں نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا، جہاں 12 سے زائد زخمیوں کی حالت نہایت تشویشناک ہے۔ اسپتال انتظامیہ کی جانب سے ہلاکتوں میں اضافے کے خدشے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت نائٹ کلب میں ایک میوزک کنسرٹ جاری تھا جس میں 1 ہزار سے زائد افراد موجود تھے۔ کرسمس سے پہلے اس واقعہ کے بعد اٹلی میں ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
