بھونیشور(سپورٹس ڈیسک)14ویں ہاکی ورلڈکپ میں ہالینڈنے پاکستان کو 5-1سے ہرادیا۔شکست کے باوجود پاکستانی ٹیم نے بہتر گول ایوریج پر کراس اوورپلے آفزکےلئے کوالیفائی کرلیا۔جرمنی نے ملائیشیا کو 5-3سے ہراکر گروپ ڈی میں ٹاپ پوزیشن پر قبضہ جمایا اورکوارٹرفائنل کےلئے براہ راست کوالیفائی کرلیا۔ ملائیشیا اورپاکستان کی ٹیمیں گروپ مرحلے میں صرف1،1پوائنٹ حاصل کرسکیں۔پاکستان بہتر گول ایوریج پراگلے راﺅنڈمیں پہنچ گیا۔پاکستان کا گول ڈیفرنس -5اورملائیشیا کا -9رہا۔بھارت کے شہر بھوبنیشورمیں جاری میگا ایونٹ کے گروپ ڈی کے آخری لیگ میچ میں 4بارکی عالمی چمپئن پاکستان اور ہالینڈکے درمیان مقابلہ ہوا۔پہلے کوارٹرمیں برکمین نے گول کرکے ہالینڈکو سبقت دلائی۔2منٹ بعد عمربھٹہ نے گول داغ کر میچ برابرکردیا۔دوسراکوارٹرختم ہونے سے 3منٹ قبل ویلنٹن ورگا نے گول کے ڈچ ٹیم کو ایک بار پھر برتری دلادی۔ہاف ٹیم پر ہالینڈکی برتری 2-1تھی۔تیسرے اورچوتھے کوارٹرمیں قومی ٹیم بہت زیادہ دباﺅمیں نظرآئی جس کا ڈچ ٹیم نے بہت فائدہ اٹھایا اور3مزید گول داغ دئیے۔ڈی ووگ ، جورٹ کرون اوروین ڈرویرڈن نے گول کئے۔جرمنی نے تینوں میچزجیت کر گروپ ڈی میں9پوائنٹس کیساتھ پہلی حاصل کی۔ہالینڈ 6پوائنٹس کیساتھ دوسرے نمبررہا۔پاکستان 1پوائنٹ کیساتھ تیسرے اورملائیشیا 1پوائنٹ کیساتھ چوتھے نمبرپررہا۔بہتر گول ایوریج پر قومی ٹیم نے اگلے راﺅنڈ میں جگہ بنا لی ۔ کراس اوور پلے آف راﺅنڈمیں کل پاکستان کا بلجیم سے مقابلہ ہوگا۔ میچ کی فاتح ٹیم جرمنی سے کوارٹر فائنل کھیلے گی۔کراس اوورپلے آف مرحلہ آج سے شروع ہوگا۔انگلینڈاورنیوزی لینڈمیں پہلا مقابلہ ہوگا جبکہ دوسرے میچ میں فرانس اورچین کی ٹیمیں آمنے سامنے ہونگی۔