لاڑکانہ(این این آئی) پیپلز پارٹی کی سابق چیئرپرسناور اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم محترمہ بینظیر بھٹو کی گیارہویں برسی کل 27 دسمبر کو ملک بھر میں عقیدت واحترام کے ساتھ منائی جائے گی۔ مرکزی تقریب گڑھی خدابخش بھٹو میں ہوگی جہاں پیپلز پارٹی کے جلسہ سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، شریک چیئرمین آصف علی زرداری، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سمیت مرکزی و صوبائی قائدین خطاب کریں گے۔ پیپلز پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس آج نوڈیرو میں طلب کیا گیا جہاں اہم پارٹی پالیسی اور آئندہ کا سیاسی عمل وضع کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کی شہید وزیراعظم بینظیر بھٹو کی گیارہویں برسی گڑھی خدابخش بھٹو میں منائے جائے گی جس میں شرکت کے لیے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نوڈیرو ہاو¿س پہنچ چکے ہیں جبکہ آصف علی زرداری، فریال تالپور، صنم بھٹو، بختاور اور آصفہ بھٹو زرداری سمیت مرکزی رہنما اعتزاز احسن، رحمٰن ملک، یوسف رضا گیلانی، شیرین رحمٰن، قمر الزمان قائرہ کے علاوہ چاروں صوبوں کے صدور اوردیگر صوبائی قیادت نوڈیرو اور گڑھی خدابخش بھٹو پہنچیں گے۔ برسی کی تقریب 27 دسمبر کی صبح 9 بجے قرآن خوانی سے شروع ہوگی، سہ پہر 12 بجے جلسہ عام منعقد کیا جائے گا جس سے پارٹی قیادت خطاب کرے گی۔
