لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) چینل فائیو کے تجزیوں تبصروں پر مشتمل پروگرام ”کالم نگار“ میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی اور کالم نگار امجد اقبال نے کہا ہے کہ افغان امن کیلئے روس کو آن بورڈ ہو جانا ضروری ہے۔ پاکستان کی خارجہ پالیسی کچھ سال سے بتدریج تبدیل ہوئی ہے۔ صرف امریکہ پر انحصار کرنے کے بجائے تمام بڑے ممالک کے ساتھ تعلقات بہتر بنانا چاہئیں‘ اپنے مفادات کو سامنے رکھ کر خارجہ پالیسی بنانی چاہئے۔ امریکہ کے دباﺅ کی وجہ سے پاک ایران پائپ لائن منصوبہ ادھورا ہے پاکستان کو اس پر جرمانہ ادا کرنا پڑ سکتا ہے جبکہ امریکہ کو بھارت کے ایران سے تعلقات پر تو کوئی اعتراض نہیں ہوتا۔ احتساب بلاامتیاز ہونای چاہئے۔کراچی کا امن بڑی مشکل سے بحال ہوا اب علی رضا عابدی کا قتل امن خراب کرنے کی کوشش ہو سکتی ہے۔ تعلیمی اداروں میں منشیات استعمال کرنے کا رجحان انتہائی خطرناک ہے۔ چیف جسٹس کا اس پر ایکشن لینا قابل تحسین ہے۔ پی آئی اے سمیت تمام ادارے جو خسارے میں ہیں اس کی وجہ ملازمین کی تنخواہیں نہیں بلکہ انتظامی معاملات کی فراہمی ہے۔ سینئر تجزیہ کار حنیف انجم نے کہاکہ سیاسی رہنماﺅں کے انتقامی رویوں کے باعث ملک ترقی نہیں کر پا رہا۔ حکومت اور اپوزیشن میں سیاسی جماعتوں کے روئیے مختلف ہو جاتے ہیں۔ قرضوں سے معیشت بہتر نہیں ہو سکتی یہی اپنے مقامی سرمایہ کاروں کو سہولیات دینا ہو گی۔ پاکستان کو روس‘ چین سمیت تمام ممالک سے تعلقات بہتر بنانے چاہئیں‘ تاہم اب امریکہ سے بگاڑ کی شکل میں نہیں ہونا چاہئے۔ سابق ادوار میں خارجہ پالیسی پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ پی آئی اے سمیت تمام اداروں میں سیاسی بھرتیاں کی گئیں جن سے نقصان ہو رہا ہے۔ طلبہ میں منشیات کے استعمال کا رجحان بڑھنا انتہائی خوفناک معاملہ ہے جسے فوری حل کرنا چاہئے۔ والدین کو بھی اپنے بچوں پر مکمل نگاہ رکھنی چاہئے۔ تجزیہ کار افضال ریحان نے کہاکہ حکومت کے وہ ادارے جو مسلسل خسارے میں ہیں کی نجکاری کرنی چاہئے۔ ہمارا مقامی سرمایہ کار ہی یہاں سرمایہ کاری کرنے سے گھبراتا ہے کہ باہر سے کون سرمایہ کاری کرے گا۔ احتساب کا عمل شفاف نظر نہیں آ رہا۔ علی رضا قتل امن خراب کرنے کی کوشش ہو سکتی ہے۔ پاکستان کو روس چین سمیت تمام ممالک سے تعلقات ضرور اچھے بنانے چاہئیں تاہم امریکہ سے بھی بگاڑ ڈالنے کی ضرورت نہیں ہے کہ اس سے پاکستان کو نقصان ہو گا۔ طلبا میں منشیات فروشی خطرناک رجحان ہے اس پر فوری قابو پانا ہو گا۔ سینئر تجزیہ کار ناصر قریشی نے کہاکہ وزیر خارجہ کے دورے بہت اہم ہیں امریکہ کے دباﺅ کے باعث ایران سے گیس نہیں لی جا رہی جبکہ ایران اپنی جانب پائپ ڈال چکا ہے۔ امریکہ اگر اس منصوبہ کی راہ میں رکاوٹ بنتا ہے تو ہمارے انرجی بحران کو بھی حل کرے۔ احتساب کا عمل جاری رہنا چاہئے تاہم اسے بلاامتیاز ہونا چاہئے۔ طلبہ میں منشیات کے استعمال کا رجحان بڑھنا خطرناک ہے۔ ذمہ داروں کو پکڑ کر کیفرکردار تک پہنچانا ضروری ہے۔ طلبہ کے ماہانہ بنیاد پر طبی ٹیسٹ کرنے چاہئیں۔
