لاہور (خبرنگار) صوبائی وزیر برائے اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ عمران خان جرات اور انتظامی صلاحیتوں کے مالک کامیاب کھلاڑی ہیں،مقام حیر ت ہے کہ عدالتوں کے چکر لگانے والے عمران خان کو اناڑی کہہ رہے ہیں،165کھرب روپے لوٹنے والوں کی 165پیشیاں عوام کی نظر میں کوئی اہمیت نہیں رکھتی،شریف خاندان نے جیسے ملک لوٹا ہے ویسے ہی عدالتوں کو جواب دیں۔ ا ن خیالات کا اظہارصوبائی وزیر برائے اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے حمزہ شہباز کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھاکہ اپوزیشن کی کرپشن کی جہاں بات ہو فورا جمہوریت خطرے میں پڑ جاتی ہے۔ چالیس برس سے میاں نواز شریف نے کرپشن، بدیانتی اور کمیشن کے زریعے لوٹ مار کی۔ بے انت کرپشن پر سزا ہوئی جس پر لوگ بہت خوش ہیں۔ شریف فیملی نے پورے خاندان سمیت ملک کو لوٹا۔ ان کی پانچوں انگلیاں گھی میں اور سر کڑاہی میں تھا۔ آل شریف اور ان کے حواری اس قول پر عمل پیرا تھے کہ چمڑی جائے پر دمڑی نہ جائے۔ اب کرپشن کے شہنشاہ کو حساب دینا پڑ رہا ہے تو تکلیف ہو رہی ہے۔ عوام ان کی لوٹ مار سے تنگ آچکے ہیں اسلئے ان کی سزا کے فیصلے پر بے حد خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں میاں نواز شریف کو کوٹ لکھپت جیل میں میوزک کلاس لینے کا مشورہ دوں گا کیونکہ ثقافت کی وزارت میرے پاس ہے تو میں انہیں سازندہ بھی دونگا جس سے گانا گانا اور بجانا سیکھیں۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ انشا اللہ عوام کا لوٹا پیسہ بھی واپس آئے گا اور آئندہ کوئی بھی ایسی جرآت نہیں کرے گا۔ جہاں تک بات آصف علی زرداری کی ہے تو زرداری صاحب ٹیسٹی فائیڈ اور سرٹیفائیڈ ڈاکو ہیں، زرداری بہت ڈھٹائی کے ساتھ کرپشن کرتے رہے ہیں۔ مگر اب سب کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ پاکستان تحریک انصاف کی کرپشن کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔ عدالتیں اور تحقیقاتی ادارے کہہ چکے ہیں کہ یہ کرپٹ ہیں مگر یہ لوٹے گئے کھربوں میں سے لاکھوں بھی دینے کو تیار نہیں ہیں۔
