کرائسٹ چرچ (آئی این پی)نیوزی لینڈ نے سری لنکا کے خلاف دوسرے اور فیصلہ کن کرکٹ ٹیسٹ میچ میں شاندار کم بیک کرتے ہوئے میچ پر گرفت مضبوط کر لی ہے، ٹرینٹ بولٹ کی تباہ کن باﺅلنگ کی بدولت سری لنکن ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 104رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔ کیویز ٹیم نے میچ کے دوسرے روز کھیل ختم ہونے تک 2وکٹوں کے نقصان پر 231رنز بناکر آئی لینڈرز کے خلاف مجموعی طور پر 305رنز کی برتری حاصل کرلی جبکہ اس کی 8وکٹیں ابھی باقی ہیں۔میزبان ٹیم کے جیت راوال 74اور کپتان کین ولیمسن 48رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے جبکہ ٹام لیتھم ناقابل شکست 74 اور روز ٹیلر 25 رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ تھے۔ میچ کے دوسرے روز ٹرینٹ بولٹ نے سری لنکن ٹیم کے بقیہ 6کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھا دی۔ٹم ساﺅتھی نے پہلی اننگز میں 3 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔ سری لنکن ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راﺅنڈر انجیلو میتھیوز 33 رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ رہے۔جمعرات کو کرائسٹ چرچ میں جاری دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں سری لنکن ٹیم نے اپنی پہلی ادھوری اننگز 88 رنز 4 کھلاڑی آﺅٹ پر دوبارہ شروع کی تو انجیلو میتھیوز 27 اور سلوا 15 رنز پر کھیل رہے تھے۔ میچ کے دوسرے روز کیویز باﺅلرز نے انتہائی شاندار باﺅلنگ کا مظاہرہ کیا۔ ٹرینٹ بولٹ نے سری لنکن ٹیم کے باقی چھ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھا دی۔ٹرینٹ بولٹ نے یکے بعد دیگرے چھ کھلاڑیوں کو آﺅٹ کر دیا۔ یوں سری لنکن ٹیم کیویز اننگز کے سکور 178رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 104رنز بناکر آﺅٹ ہوگئی۔ کیویز ٹیم کی طرف سے عمدہ باﺅلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹرینٹ بولٹ نے 6ٹم ساﺅتھی نے 3جبکہ گریندہوم نے ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔ کیویز ٹیم کی طرف سے دوسری اننگز کا آغاز راوال اور لیتھم نے کیا دونوں کھلاڑیوں نے اپنی ٹیم کو پہلی وکٹ کی شراکت میں 121 قیمتی رنز کا آغاز فراہم کیا۔راوال پہلے آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 74 رنز بناکر پریرا کی گیند پر مینڈس کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوگئے۔ کپتان کین ولیمسن دوسرے آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 48 رنز بناکر کمارا کی گیند پر مینڈس کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوگئے۔ میچ کے دوسرے روز جب کھیل ختم ہوا تو کیویز ٹیم نے اپنی دوسری اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 231 رنز بنالئے تھے اور اس کو سری لنکا کے خلاف 305 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہوگئی تھی جبکہ اسکی 8 وکٹیں ابھی باقی تھیں۔ ٹام لیتھم ناقابل شکست 74 اور روز ٹیلر 25 رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ تھے۔ سری لنکا کی طرف سے کمارا اور پریرا نے ایک ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔
