دوحا(ویب ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے قطری ہم منصب اور نائب وزیراعظم شیخ محمد سے ملاقات کی جس کے دوران باہمی روابط میں فروغ سمیت خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران قطری وزیر خارجہ نے قطر میں موجود پاکستانی محنت کش طبقے کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ جلد مزید پاکستانیوں کو قطر میں ملازمت مواقع مہیا کریں گے۔قطری وزیر خارجہ شیخ محمد نے افغانستان سمیت علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کے مثبت کردار کو بھی سراہا۔اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان 2022 میں متوقع فیفا ورلڈ کپ میں قطر کے ساتھ ہر سطح پر معاونت فراہم کرےگا، پاکستان قطر دوطرفہ تجارت میں پچھلے ایک سال میں فقیدالمثال اضافہ ہوا ہے۔دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تجارت کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا، قطری ہم منصب نے شاہ محمود قریشی کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی قطری ایئرپورٹ پہنچے تو چیف آف پروٹوکول وزارت خارجہ قطر نے ان کا استقبال کیا، اس موقع پر پاکستانی سفیر ابراہیم یوسف فخر اور سفارتخانے کے سینئر حکام بھی موجود تھے۔قطر روانگی سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ قطر خلیجی ممالک میں ایک اہم ملک ہے جس کے پاکستان کے ساتھ بہت گہرے تعلقات ہیں۔انہوں نے کہا کہ قطری ہم منصب نے دورے کی دعوت دی تھی، دورہ قطر حالیہ چار ملکی دورے کے سلسلے کی کڑی ہے، قطر امن اور مفاہمتی عمل میں کردار ادا کرتا رہا ہے، امن اور مفاہمتی عمل میں قطر کی رائے لینا اور مشاورت ضروری ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان نے خطے کے ملکوں سے رابطے بڑھانے کا فیصلہ کیا ہوا ہے اور آج ہونے والی قطری حکام سے ملاقاتوں میں خطے کی صورتحال اور افغانستان کے معاملات پر بات ہوگی۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ پچھلی ملاقاتوں میں جو معاملات طے ہوئے انہیں آگے بڑھایا جائے گا، پاکستان میں قطر کی سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع ہیں۔
