واشنگٹن (ویب ڈیسک ) امریکا میں کیلا مارنے پر نوجوان کو ایک ہزار ڈالر جرمانہ اور قید کی سزا ہوگئی۔
امریکی ریاست آئیوا کے دارالحکومت ڈیس موائنز میں ایک نوجوان کو اس جرم میں جیل کی سزا ہوگئی کہ اس نے دوسرے شخص کو کیلا مارا تھا۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق 26 سالہ نوجوان روجیلیو تاپیا خریداری کے لیے شاپنگ اسٹور گیا جہاں اس کی کسی دوسرے گاہک کے ساتھ کسی بات پر تلخ کلامی ہوگئی۔اسٹور کے ملازم نے مداخلت کرکے دونوں کے درمیان بیچ بچاو¿ کرانے اور معاملہ رفع دفع کرنے کی کوشش کی تو روجیلیو تاپیا اسٹور کے ملازم کے ساتھ بھی الجھ پڑا اور غصے میں کیلا اٹھا کر اسے دے مارا۔ دکان کی انتظامیہ نے پولیس کو فون کرکے مدد طلب کی۔ پولیس نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر جھگڑالو نوجوان کو گرفتار کرلیا۔دکان کی انتظامیہ نے مقدمہ درج کراتے ہوئے دعویٰ کیا کہ روجیلیو تاپیا کی وجہ سے اسے ایک ہزار ڈالر کا نقصان بھی ہوا۔ مجسٹریٹ نے روجیلیو تاپیا پر ایک ہزار ڈالر جرمانہ عائد کرتے ہوئے دوسرے شہریوں پر حملہ کرنے اور غنڈہ گردی کے جرم میں جیل بھیج دیا تاہم وہ کچھ دیر بعد ہی ضمانت پر رہا ہوگیا۔