ممبئی(شوبزڈیسک )بالی وڈکی نئی فلم ساہو تکمیل کے مراحل میں ہے جس کے اسٹنٹس پر 25 کروڑ روپے صرف کئے گئے۔بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق باہوبلی کی زبردست کامیابی کے بعد اب سب کی نظریں پربھاس کی آنے والی فلم ساہو پر لگی ہوئی ہیں۔ یہ پراجیکٹ بالی وڈ اور ساوتھ میکرز کی جانب سے بنایا جارہا ہے۔ فلم میں پربھاس کے مقابل شردھا کپور کو کاسٹ کیا گیا ہے۔ابتدا میں اس فلم کے لئے انوشکا شیٹی کو ان کے باہوبلی کواسٹار پربھاس کے ساتھ پھر سے پیش کرنے کا منصوبہ تھا، لیکن ان کے بڑھتے وزن کی وجہ انہیں مسترد کردیا گیا۔ ایسے میں شردھا کپور اور پربھاس کی جوڑی کو پہلی بار اسکرین شیر کرتے دیکھا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اس فلم میں شردھا کپور کو ڈبل رول میں پیش کیا جارہا ہے۔ یہ فلم تلگو کے ساتھ ساتھ ہندی اور تمل میں بھی یکساں طور پر بنائی جارہی ہے۔
