اسلام آباد(اے پی پی) پنجاب کے کیوئسٹ شیخ محمد مدثر نے جوبلی انشورنس چوتھی قومی جونیئر انڈر 18 سنوکر چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیت لیا، انہوں نے فیصلہ کن معرکے میں محمد نسیم اختر کو بیسٹ آف نائن فریمز میں کانٹے دار مقابلے کے بعد 5-4 فریمز سے شکست دے کر رواں سال چین میں شیڈول آئی بی ایس ایف ورلڈ انڈر 18 سنوکر چیمپئن شپ کیلئے بھی کوالیفائی کر لیا۔ منگل کو پاکستان سپورٹس کمپلیکس، سنوکر ہال اسلام آباد میں منعقدہ چیمپئن شپ کے فائنل میں شیخ محمد مدثر اور نسیم اختر کے درمیان زبردست مقابلہ دیکھنے کو آیا تاہم قسمت نے مدثر کا ساتھ دیا اور انہوں نے نسیم اختر کو بیسٹ آف نائن فریمز میں 5-4 فریمز سے زیر کر کے ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا، نسیم اختر نے پہلے فریم میں مدثر کو 53-2 سے ہرا کر برتری حاصل کی لیکن مدثر نے جاندار کم بیک کرتے ہوئے اگلے چاروں فریمز 75-20، 55-14، 67-31 اور 68-29 سے جیت کر نسیم کے خلاف 4-1 کی برتری حاصل کی تاہم نسیم نے بھی ہمت نہ ہاری اور انہوں نے مسلسل تین فریمز 65-17، 80-8 اور 67-22 سے جیت کر مقابلہ 4-4 سے برابر کر دیا، آخری اور فیصلہ کن فریم میں مدثر نے نسیم کو 74-25 سے ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔
