پٹنہ (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست بہار میں انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک 19 سالہ لڑکی کو اس کے والد کی آنکھوں کے سامنے 6 افراد نے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست بہار کے کشن گنج ضلع کے کودھوبڑی تھانے کے حدود میں واقع ایک گاﺅں انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ پیر کی شب رات گئے کچھ افراد نے پانی کے بہانے ایک شخص کے گھر کا دروازہ کھلوایا جس کے بعد 6 افراد اندر داخل ہوگئے۔ ملزمان نے گھر میں موجود باپ اور بیٹی کو اغوا کیا اور قریبی کھیتوں میں لے گئے جہاں والد کو مار پیٹ کے بعد ایک درخت کے ساتھ باندھ دیا گیا۔ ملزمان نے باپ کی آنکھوں کے سامنے ہی باری باری 19 سالہ بے بس لڑکی کی اجتماعی عصمت دری کی اورفرار ہوگئے۔متاثرہ لڑکی کے والد نے بدھ کے روز پولیس کو مقدمہ درج کرایا ہے۔ لڑکی کے والد نے الزام عائد کیا ہے کہ اس کی بیٹی سے زیادتی کرنے والے افراد کا تعلق اسی گاﺅں سے ہے۔ جنہوں نے پولیس کو بتانے کی صورت میں انہیں جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی۔ملزمان کی شناخت فیض عالم، عبد المنان، کالو، قاسم، تقصیر اور انصار کے طور پر ہوئی ہے۔ ان میں سے دو ملزمان الیکٹریشن کا کام کرتے ہیں۔ ان دونوں نے ہی پانی کے بہانے متاثر ہ خاندان کے گھر کا دروازہ کھلوایا تھا۔مقدمہ درج ہونے کے بعد پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارنا شروع کردیے ہیں۔
