ٹوکیو(ویب ڈیسک) جاپانیوں کو دنیا کی مہذب اقوام میں شمار کیا جاتا ہے مگر وہاں کچھ ایسی عجیب و غریب رسومات ہیں کہ آدمی دیکھ کر حیران رہ جائے۔ میل آن لائن کے مطابق ان رسومات میں ایک ’برہنہ فیسٹیول‘ بھی ہے جسے جاپانی زبان میں ’ہداکا مستوری‘ (Hadaka Masturi)کہا جاتا ہے۔ اس روز جاپانی نوجوان برہنہ ہو کر ایک مندر میں جمع ہوتے ہیں۔ پادری اس مندر کے تالاب میں لکڑی کی دو چھڑیاں پھینکتا ہے جسے ڈھونڈنے کے لیے نوجوان شدید سردی میں ٹھنڈے یخ پانی کے تالاب میں کود جاتے ہیں اور ایک دوسرے سے پہلے ان لکڑیوں کو تلاش کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔جاپانیوں میں یہ عقیدہ پایا جاتا ہے کہ جو نوجوان ان لکڑیوں کو ڈھونڈ لے گا آئندہ پورا سال خوش بختی اس کا مقدر بنے گی اور اسے اچھی شریک حیات ملے گی۔ یہ تہوار ہر سال منایا جاتا ہے۔رواں سال بھی 9ہزار سے زائد نوجوان جاپانی شہر اوکایاما کے مندر میں جمع ہوئے جنہوں نے ایک چھوٹا سا سفید لنگوٹ پہن رکھا تھا اور سر پر سفید پٹی باندھ رکھی تھی۔ رپورٹ کے مطابق جاپان میں یہ مذہبی تہوار گزشتہ 500سال سے منایا جا رہا ہے۔