جدہ (ویب ڈیسک) آرگنائزیشن آف اسلامک کو آپریشن (او آئی سی ) نے انڈیا کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی خلاف ورزی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔او آئی سی کے جنرل سیکرٹریٹ نے بھارت کی جانب سے ایل او سی کی خلاف ورزی پر کہا ہے کہ او آئی سی اپنے بانی رکن (پاکستان) کے خلاف بھارتی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ او آئی سی نے پاکستان اور انڈیا سے کہا ہے کہ دونوں ممالک ایسا کوئی قدم نہ اٹھائیں جس سے خطے کی سکیورٹی داﺅپر لگ جائے۔او آئی سی نے دونوں ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور موجودہ کشیدگی کا پر امن طریقے سے فوجی طاقت کے استعمال کے بغیر حل نکالیں۔ او آئی سی نے پاک بھارت مذاکرات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حالیہ کشیدگی کی صورتحال کا ترجیحی بنیادوں پر خاتمہ کیا جائے۔
