بیجنگ(ویب ڈیسک) چین میں سوشل میڈیا پر بعض تصاویر تیزی سے وائرل ہورہی ہیں جن میں کالج کے کمرہ جماعت میں طلبا و طالبات کو لیکچر کے دوران سگریٹ پیتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔سب سے پہلے یہ تصاویر ٹوئٹر جیسی چینی ویب سائٹ ’وائبو‘ پر جاری کی گئیں اور لوگوں کے درمیان اس پر بحث کا آغاز ہوگیا۔ گزشتہ نومبر کو سب سے پہلے یہ تصاویر جاری کی گئیں جن میں طالب علم لیکچر کے دوران سگریٹ سلگا رہے ہیں اور اساتذہ انہیں دیکھ رہے ہیں۔کئی ماہ بعد ینان زرعی یونیورسٹی کے ڈین پروفیسر ڑاو¿ زینگ ڑیونگ نے بتایا کہ یہ متنازعہ تصاویر تمباکو پر ہونے والی ایک کلاس کے دوران لی گئی ہیں۔ استاد بچوں کے لیے خود مختلف برانڈز کی سگریٹ لے کر آئے تھے تاکہ وہ ان کے ذائقے، حلق میں کڑواہٹ، منہ میں احساس اور ان کے راکھ بننے کے عمل سے واقف ہوسکیں۔ تاہم استاد کی ہدایت تھی کہ اس کورس کےلیے تمباکو نوشی لازمی نہیں ہے لیکن اکثر طلبا و طالبات نے سگریٹ ضرور آزمائی۔اگرچہ اس عمل پر تنقید کی گئی ہے لیکن یونیورسٹی کے طالب علموں نے سگریٹ پینے کے عمل کا دفاع کیا ہے۔ ان کے مطابق اس کورس میں تمباکو سے سگریٹ سازی کا پورا عمل سمجھایا گیا تھا اور یوں اس کا احساس کرکے وہ اسے بہتر انداز میں سمجھ سکے۔ طالب علموں نے یہ بھی کہا کہ یہ عمل صرف ایک دن ہوا اور بار بار کسی نے بھی سگریٹ نوشی نہیں کی۔یونیورسٹی نے اس سے قبل طالب علموں کو حفاظتی اقدامات اور ہدایات بھی دی تھیں۔ ساتھ میں سختی سے کہا تھا کہ سگریٹ پینا اس کورس کا لازمی حصہ نہیں۔ لیکن اس عمل پر تنقید جاری ہے اور ایک شخص نے کہا ہے کہ امتحان میں اگر تمباکو کا سوال آیا تو کیا ہوگا؟ کیا اس میں طلبا و طالبات کو تیزی سے سگریٹ پینے کے نمبر دیئے جائیں گے یا نہیں؟