کراچی (اے پی پی) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چوتھے ایڈیشن میں آج ایک میچ کھیلا جائے گا۔ یہ میچ ایلیمینیٹر ون ہوگا جس میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کی ٹیمیں آمنے سامنے ہونگی۔نیشنل سٹیڈیم کراچی میں میچ شام 7بجے کھیلاجائیگا،ہارنے والی ٹیم کامیگا ایونٹ میں سفرختم ہوجائے گا۔ تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل فور اختتامی مراحل کی طرف گامزن ہے۔ اسی سلسلے میں آج ایک میچ ایلیمینیٹر ون کی ٹیموں اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کے درمیان کراچی میں کھیلا جائے گا۔ ایلیمینیٹر ون کی فاتح ٹیم کا مقابلہ کوالیفائر ون کی رنر اپ ٹیم سے ہوگا اور اس میچ کی فاتح ٹیم کا فائنل میچ میں کوالیفائر ون کی فاتح ٹیم سے ہو گا۔ تیسری اور چوتھی نمبر کی ٹیموں کے درمیان ایلیمینیٹر ون میچ (آج) جمعرات کو کھیلا جائے گا جس میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کی ٹیمیں پنجہ آزمائی کرینگی، ہارنے والی ٹیم ایونٹ سے باہر ہو جائے گی جبکہ فاتح ٹیم کا مقابلہ 15 مارچ کو ایلیمینیٹر ٹو کوالیفائر ون میچ کی رنر اپ ٹیم سے ہو گا۔ ایلیمینیٹر ون کھیلنے والی دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے میچ میں کامیابی کے لئے بیانات دیئے ہیں اور اس اعتبار سے توقع کی جارہی ہے کہ لیگ کا ایلیمینیٹر ون میچ انہتائی سخت اور کانٹے دار ہوگا۔ واضح رہے کہ دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل 17 مارچ کو کھیلا جائے گا۔واضح رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کو پی ایس ایل 1 اور پی ایس ایل3جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔ پی ایس ایل کے پہلے سیزن کا فائنل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اوراسلام آباد یونائٹیڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا،جس میں یونائیٹڈ نے6 وکٹوں سے فتح سمیٹی۔پاکستان سپر لیگ کا تیسرا فائنل پشاور زلمی اوراسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کراچی میں کھیلا گیا جس میں زلمی کو 3 وکٹوں سے شکست ہوئی۔پی ایس ایل 2 کی ٹرافی پشاور زلمی نے جیتی۔ دوسرے سیزن کا فائنل لاہور کے قدافی اسٹیڈیم میں پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلا گیا جس میں گلیڈی ایٹرز کو58 رنز سے شکست ہوئی۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم دو بار رنرزاپ رہ چکی ہے۔ لاہور قلندرز پی ایس ایل کے کسی بھی سیزن میں پلے آف مرحلے تک رسائی حاصل نہیں کرسکی اور تینوں سیزنز میں آخری پوزیشن پر رہی۔
