لاہور(کلچرل رپورٹر)اداکارہ ثوبیہ خان نے ساتھی فنکاروں کی بے حسی سے دلبرداشتہ ہوکر سٹیج سے علیحدگی اختیار کرنے کا اعلا ن کیا ہے۔ثوبیہ خان نے اس بارے میں ”خبریں“سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شوبز کو نہیں چھوڑا،فلم اور ٹی وی پر بدستور کام کروں گی البتہ اب سٹیج پر کام کرنے کو دل نہیں چاہتا کیونکہ ساتھی اداکارہ قسمت بیگ کے قتل پر اسٹیج کے ساتھی فنکاروں نے جس بے حسی کا مظاہرہ کیا اس کی مثال نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ قسمت بیگ کے قتل کے خلاف ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں صرف چند اسٹیج فنکاروں نے شرکت کی تھی ۔قسمت بیگ کی تدفین اور رسم قل پر گنے چنے فنکار ہی آئے تھے۔ فنکار برادری کی اسی بے حسی نے مجھے اسٹیج پر کام نہ کرنے کے فیصلے کرنے پر مجبور کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں کسی دباو¿ میں آکر یہ فیصلہ نہیں کر رہی ہوں بلکہ اپنی مرضی سے فیصلہ کیا ہے۔
