لاہور( ویب ڈیسک ) فرانس کے علاقے بریتانیہ میں اب تک سیکڑوں گائے مرچکی ہیں اور جانوروں کے ڈاکٹر ان کی ہلاکت کی وجہ بیان نہیں کر سکے۔اوڈیٹی سینٹرل کی رپورٹ کے مطابق علاقے کی زمین کے مختلف ٹیسٹ کے بعد بعض افراد کی جانب سے دعویٰ کیا جارہا ہے کہ علاقے میں موجود وِنڈ ٹربائن اور سولر پینلز، زمین میں اس قدر بجلی خارج کر رہے ہیں جس سے بتدریج ان کے جانور مر رہےہیں۔یوں تو بریتانیہ کے اکثر علاقوں میں مویشی پراسرر طور پر ہلاک ہو رہے ہیں لیکن ایک علاقے میں یہ پراسراریت زیادہ سنگین صورتحال اختیار کرگئی ہے، جہاں کئی مویشی مالکان اپنی سیکڑوں گائے سے محروم ہوچکے ہیں۔مقامی کسان پیٹرک لی کے مطابق چند سال قبل ان کے مویشیوں کا وزن کم ہونا شروع ہوا تھا جس کے بعد اچانک بہت سے جانور مر بھی گئے تھے۔حیران کن بات یہ ہے کہ جانور ظاہری طور پر کسی بیماری کا شکار دکھائی نہیں دیتے اور جانوروں کے ڈاکٹر بھی ان کی موت وجہ بیان نہیں کرسکے۔تاہم پیٹرک لی نے ذاتی تحقیقات کے نتیجے میں اخذ کیا ہے کہ اکثر پر اسرار ہلاکتوں کا آغاز اس وقت ہوا جب علاقے میں ‘فوٹووولٹک انسٹالیشنز’ کی گئیں۔انہوں نے بتایا کہ ’اس کے بعد گائیں کا وزن کم ہونا شروع ہوا اور 5 سال میں 120 گائے مرچکی ہیں‘۔پیٹرک لی کا کہنا تھا کہ جانوروں کے ڈاکٹر کو بھی علم نہیں ہے کہ اب کیا کرنا چاہیے۔انہیں جب تشویش ہوئی کہ شاید فارم کے قریب لگائے گئے سولر پینلز ان کے مویشیوں کی پراسرار موت کی وجہ ہیں جس کے بعد انہوں نے اپنی زمین پر ٹیسٹ کیا۔اس کے نتیجے سے معلوم ہوا کہ زمین میں اور پانی میں ایک وولٹ سے زیادہ کرنٹ موجود تھا جو جانوروں کے لیے قابل قبول کرنٹ سے 3 گنا زیادہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ’زمین میں براہ راست کرنٹ جارہا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ ’ تمام جانوروں کو مرتے دیکھنا ناقابل برداشت ہے‘۔اسی علاقے سے 30 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ایک اور کسان کی 37 گائے 6 مہینے میں پراسرار طریقے سے ہلاک ہوگئی تھیں اور اب تک ان کی 2 سو گائیں مرچکی ہیں۔