لاہور (ویب ڈیسک) کریلا ایک ایسی سبزی ہے جو بہت کم افراد کو ہی پسند ہوتی ہے تاہم مختلف طریقوں سے اسے پکا کر کڑواہٹ کو کم کرکے اسے مزیدار بنایا جاسکتا ہے۔
مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ اس کا تلخ ذائقہ آپ کو کس جان لیوا بیماری سے تحفظ دے سکتا ہے؟
ویسے اسے دیکھ کر جو سب سے پہلا خیال ذہن میں آتا ہے وہ کڑواہٹ کا ہی ہوتا ہے مگر اس کے فوائد بھی بہت زیادہ ہیں۔۔
یہ سبزی صحت کے لیے بہت فائدہ مند ہوتی ہے جس کے فوائد درج ذیل ہیں۔
نظام تنفس کے مسائل کم کرے
کریلے نظام تنفس کے امراض جیسے دمہ، کھانسی اور دیگر کے لیے مفید ثابت ہوسکتے ہیں، اس کے علاوہ کریلے کے پتوں کو تلسی کے پتوں کے ساتھ مکس کرکے پیسٹ بنالیں اور شہد کے ساتھ نہار منہ کھائیں تو وہ بھی ایک اچھا ٹوٹکا ثابت ہوتا ہے۔
جگر کی صفائی
جگر کے مسائل سے بچنے کے لیے روزانہ ایک گلاس کریلے کے جوس کا پینا عادت بنانا مفید ثابت ہوتا ہے اور صرف ایک ہفتے کے استعمال میں ہی فرق نظر آنے لگتا ہے۔
کیل مہاسوں کے خلاف مفید
کریلے کھانے کی عادت کیل مہاسوں اور جلد کے انفیکشن سے نجات میں مددگار ثابت ہوتی ہے، یہ سبزی جسم میں گردش کرنے والے مضر فری ریڈیکلز کو خارج کرتی ہے جبکہ عمر بڑھنے سے جلد پر مرتب ہونے والے اثرات کی رفتار بھی سست کرتی ہے۔ لیموں کے عرق کے ساتھ کریلے کو جوس کو مکس کرکے خالی پیٹ روزانہ پینا اس حوالے سے فائدہ مند ہے۔
ذیابیطس سے تحفظ
کریلا کھانے سے جسم کے اندر ایک کیمیائی ردعمل پیدا ہوتا ہے جو بلڈ گلوکوز کی سطح کم کرنے کے ساتھ انسولین کی سطح کو کنٹرول میں رکھنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ اسی طرح کریلے میں موجود اجزائ لبلبے کے خلیات کی تعداد بڑھانے کے حوالے سے بھی مفید ہے جو انسولین پیدا کرتے ہیں۔ کریلے کا جوس پینا بھی ذیابیطس ٹائپ ٹو کو کنٹرول میں رکھنے میں مدد دیتا ہے۔
قبض سے نجات
کریلے آسانی سے ہضم ہوجاتے ہیں جبکہ ان میں موجود فائبر قبض کو دور کرنے میں مدد دیتے ہیں جبکہ بدہضمی کا خطرہ بھی کم ہوتا ہے۔
امراض قلب کو دور رکھے
کریلے دل کے لیے کئی طرح سے فائدہ مند ثابت ہوتے ہیں، یہ نقصان دہ کولیسٹرول کی سطح کو کنٹرول میں رکھنے میں مدد دیتے ہیں جبکہ شریانوں میں خون کی رکاوٹ کا خطرہ کم کرتے ہیں، جس سے ہارٹ اٹیک کا امکان کم ہوتا ہے، یہ بلڈ شوگر لیول کو بھی کم کرتے ہیں جس سے بھی دل کی صحت بہتر ہوتی ہے۔
جسمانی وزن میں کمی
کریلے اینٹی آکسائیڈنٹس سے بھرپور سبزی ہے جو کہ میٹابولزم اور نظام ہاضمہ کو بہتر کرتی ہے جس سے جسمانی وزن میں جلد کمی لانے میں مدد ملتی ہے۔
جسمانی توانائی بڑھائے
کریلے کا جوس اکثر پینا جسمانی اسٹینما بہتر کرتا ہے جبکہ جسمانی توانائی کو بھی بڑھاتا ہے اور ہاں اس کا استعمال نیند کا معیار بھی بہتر کرتا ہے۔
خون کی صفائی
جراثیم کش اور اینٹی آکسائیڈنٹس سے طھرپور ہونے کی وجہ سے کریلے کا جوس خون کی صفائی میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے اور جسم سے زہریلے مواد کا اخراج کرکے خون کی گردش کو بہتر کرتا ہے۔