نبراسکا:(ویب ڈیسک) امریکی استاد جان لینک کو دو گھنٹے کی تگ و دو کے بعد ایک عوامی پارک سے ہیرا ملا ہے جو اب ان کی ملکیت ہے۔36 سالہ جان چھٹیاں گزارنے آرکنساس میں واقع مشہور ہیرے کے گڑھے (کریٹر آف ڈائمنڈز) میں آئے تھے۔ یہ ایک قومی پارک ہے جہاں ہیرے پائے جاتے ہیں اور معمولی فیس کے بعد کوئی بھی یہاں ہیرے کی تلاش میں اپنی قسمت آزما سکتا ہے۔
یہ پارک 37 ایکڑ پر پھیلا ہوا ہے جہاں مختلف لوگ ہیرے تلاش کرتے نظر ا?تے ہیں۔ جان کو صرف دو گھنٹے ہی گزرے تھے کہ ان کی نظر ایک چمک دار شے پر پڑی۔ جان نے اسے فوراً اٹھایا تو معلوم ہوا کہ یہ ایک ہیرا ہے جو ہلکے بھورے رنگ کا تھا۔ بعد میں معلوم ہوا کہ اس کا وزن 2.12 قیراط ہے جو اچھی قیمت میں فروخت ہوسکتا ہے۔جان نے بتایا کہ یہ ہیرا اس نے پارک کے جنوب مغربی کنارے سے تلاش کیا ہے۔ یہ 15 فٹ گہری ایک کھائی کے کنارے موجود تھا۔ یہاں بارش کے بعد زمین کا نچلا حصہ نمودار ہوا تھا اور یوں ہیرا باہر نکل آیا تھا۔ پارک میں موجود ایک اہلکار نے کہا ہے کہ سال 2019ءمیں ملنے والا یہ سب سے بڑا ہیرا ہے۔پارک انتظامیہ کے ترجمان ویمون کوکس نے بتایا کہ یہ قدرتی طور پر ایک خوبصورت اور ہموار ہیرا ہے جس کی چمک انتہائی روشن ہے۔ واضح رہے کہ جسے یہاں سے ہیرا ملتا ہے وہ اسی کی ملکیت ہوجاتا ہے۔ پارک میں 16 جولائی کو 16 انچ بارش ہوئی تھی جس کے بعد کئی ہیرے دریافت ہوئے ہیں۔