کراچی (خصوصی رپورٹ)کسٹم حکام نے پکڑی گئی شراب کی ہزاروں بوتلیں کھلے میدان میں تلف کردیں جبکہ باوردی اہلکار بچ جانے والی بوتلیں اپنی جیبوں میں ٹھونستے رہے۔ ترجمان کسٹمز کی طرف سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ تلف کی جانے والی شراب اور بیئر 1997ءسے لے کر اب تک لانچوں اور جہازوں کے ذریعے سمگل کی گئیں۔ چنانچہ 20 سالہ مدت سے ضبط شدہ شراب کی 6850 بوتلیں اور بیئر کے 604 کینزکو پورٹ قاسم پر کھلے میدان میں تلف کردیا گیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل کلکٹر کسٹم محمد طاہر‘ ڈپٹی کلکٹر محمد سلمان‘ کوسٹ گارڈ حکام‘ پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے مختلف اداروں کے افسران اور میڈیا کے نمائندے بھی موجود تھے جبکہ فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سندھ پولیس اور پاکستان کسٹمز کے باوردی اہلکار آپریشن کے دوران ٹوٹنے سے بچ جانے والی بوتلیں ڈھونڈ ڈھونڈ کر اپنی جیبوں میں ڈالتے رہے۔