لندن(ویب ڈیسک)برطانوی وزیراعظم بورس جانسن یورپی یونین سے علیحدگی کے معاملے پر ڈٹ گئے، کہا کہ بریگزٹ میں توسیع مانگنے سے بہتر ہے کہ میں کھائی میں کود کر مرجاﺅں۔بورس جانسن نے پولیس ریکروٹس کی بھرتیوں کی تقریب سے خطاب میں کہا کہ برسلز جا کر بریگزٹ میں توسیع مانگنے سے بہتر ہوگا کہ میں کسی کھائی میں کود کر مر جاو¿ں۔انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کا حصہ رہنے سے ماہانہ ایک ارب پاو¿نڈز کا نقصان ہوتا ہے، یورپ سے مذاکرات کرنے کی صلاحیت کو پارلیمانی ووٹ سے بڑا دھچکا لگا ہے، بریگزٹ کا مسئلہ 3 برس سے جاری ہے، وقت آگیا ہے کہ عوام کے مسائل پر توجہ دی جائے۔برطانوی وزیراعظم کی تقریر کے دوران خاتون پولیس ریکروٹ کی طبیعت ناساز ہوگئی جس کے بعد وزیراعظم نے میڈیا سیشن ختم کر دیا۔ایک صحافی نے سوال کیا کہ اگر آپ کا بھائی ہی آپ کے ساتھ نہیں تو پھر عوام کیوں ساتھ دیں ؟ جس پر انہوں نے جواب دیا کہ جو جانسن یورپی یونین کے بارے میں میرے خیالات سے متفق نہیں اس لیے وہ مستعفی ہوئے۔خیال رہے کہ بورس جانسن 31 اکتوبر کو ہر حال میں یورپی یونین سے علیحدگی چاہتے ہیں چاہے یورپی یونین سے انخلاءسے متعلق معاہدہ طے پائے یا نہ پائے جبکہ اپوزیشن بغیر معاہدہ بریگزٹ کی مخالف ہے اور تاریخ میں توسیع چاہتی ہے۔
