لاہور (ویب ڈیسک)پاکستانی صوبے خیبرپختونخوا کے بم ڈسپوزل یونٹ (بی ڈی یو) پر بنی دستاویزی فلم ’7رمڈ ود فیتھ‘ ٹیلی وژن ڈراموں اور دستاویزی فلموں کے لیے دیا جانے والا سب سے اعلیٰ ’ایمی‘ ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی۔’آرمڈ ود فیتھ‘ کو ایمی اکیڈمی نے دنیا بھر کے معروف نیوز ٹی وی چینلز پر نشر ہونے والی دستاویزی فلم کے ساتھ نامزد کیا تھا۔پاکستانی دستاویزی فلم کو ’الجزیرہ‘ پر نشر کیا گیا تھا اور اس ڈاکیومینٹری کو ’حکومت اور سیاست‘ کی کیٹیگری میں نامزد کیا گیا تھا۔پاکستانی ڈاکیومینٹری کے ساتھ دیگر دستاویزی فلموں کو بھی اسی کیٹیگری کے لیے نامزد کیا گیا تھا لیکن پاکستانی فلم ایوارڈ جیتنے میں کامیاب ہوگئی۔’ایمی‘ نیوز اینڈ ڈاکیومینٹری ایوارڈز کی تقریب امریکا میں ہوئی جس میں مجموعی طور پر 30 کیٹیگریز میں دستاویزی فلموں کو ایوارڈز دیے گئے۔’آرمڈ ود فیتھ‘ کو گزشتہ برس ریلیز کیا گیا تھا اور اس میں خیبرپختونخوا بم ڈسپوزل یونٹ کے اہلکاروں کی جان پر کھیل کر بموں کو ناکارہ بنانے کی خدمات کو دکھایا گیا تھا۔دستاویزی فلم بم ڈسپوزل یونٹ پر بنائی جانے والی پہلی کوشش تھی اور اس میں پولیس اور بم ڈسپوزل یونٹ سے وابستہ افسران اور عہدیداروں کے درپیش مسائل اور خطرات سے آگاہ کیا گیا تھا۔اس فلم کی ہدایات اسد فاروقی نے دی ہیں جو اس فلم کو بنانے سے قبل آسکر ایوارڈ یافتہ شرمین عبید چنائے کے ساتھ ایوارڈ یافتہ فلموں ’سیونگ فیس، گرل ان دا ریور‘ جیسی فلموں پر ایک ساتھ کام کر چکے ہیں۔اسد فاروقی نے جہاں ’آرمڈ ود فیتھ‘ ڈاکیومینٹری کی ہدایات دیں، وہیں وہ اس فلم کے شریک پروڈیوسر بھی ہیں، ان کے ساتھ اس فلم کو شرمین عبید چنائے اور حیا فاطمہ سمیت دیگر نے پروڈیوس کیا ہے۔ایوارڈ جیتنے کے بعد شرمین عبید چنائے نے بھی فیس بک پوسٹ کے ذریعے فلم کے ہدایت کار اسد فاروقی کو مبارک باد پیش کی اور اس بات پر فخِر کیا کہ انہوں نے ایک بہترین ہدایت کار کے ساتھ مل کر کام کیا ہے۔