پاکستان کی نامور اداکارہ ماہرہ خان اپنے مداحوں سے رابطے میں رہنے کے لیے سوشل میڈیا پر ہمیشہ ہی فعال رہتی ہیں، جبکہ اپنی تصاویر اور متعدد پوسٹ کے ذریعے مثبت پیغامات دینے کی بھی کوشش کرتی رہتی ہیں۔حال ہی میں اداکارہ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ان افراد کے لیے ایک پوسٹ شیئر کی جو ڈپریشن یا کسی ذہنی مسائل کا شکار ہیں۔ماہرہ خان نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ‘میں بس اتنا یاد دلانا چاہتی ہوں کہ ڈپریشن آپ سے بہت چھوٹا ہے، چاہے یہ کتنا ہی بڑا کیوں نہ لگے، یہ آپ کے اندر بڑھتا ہے، آپ اس کے اندر نہیں بڑھتے، یہ بالکل ایسا ہوسکتا ہے جیسے ایک سیاہ بادل آسمان پر سامنے آجائے، اگر ڈپریشن وہ سیاہ بادل ہے تو آپ آسمان انہوں نے مزید لکھا کہ ‘آپ اس سے پہلے یہاں تھے، سیاہ بادل آسمان کے بغیر باقی نہیں رہ سکتا، لیکن آسمان سیاہ بادل کے بغیر ضرور رہ سکتا ہے’۔یاد رہے کہ ماہرہ خان اس سے قبل بھی ذہنی صحت پر کھل کر بات کرچکی ہیں۔گزشتہ سال اداکارہ نے اس وقت سوشل میڈیا پر اس حوالے سے بحث کا آغاز کیا جب لاہور سے تعلق رکھنے والی ایک نوجوان لڑکی نے ڈپریشن میں آکر اپنی جان لے لی۔