کراچی(خصوصی رپورٹ) بین الاقوامی شہر ت یافتہ ثناخواں جنید جمشید کا جسد خاکی ایئر فورس کے خصوصی طیارے میں بدھ کو کراچی پہنچادیا گیا ہے، ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے لاشوں کی شناخت کا مرحلہ مکمل کرنے کے بعد بدھ کو پاکستان ایئر فورس کے خصوصی طیارے کے ذریعے ان کی میت پی ایف بیس فیصل پہنچی جہاں سے اسے پی این ایس شفا اسپتال کے سرد خانے منتقل کردیا گیا،مرحوم کی نماز جنازہ جمعرات کو بعد نماز ظہر دن 1 بجے کے قریب معین خان اکیڈمی ڈے ایچ اے میں ادا کی جائے گی،بعد ازاں مرحوم کو ان کی وصیت کے مطابق دارالعلوم کورنگی میں سپر دخاک کیا جائے گا۔دریں اثناجنید جمشید کی اہلیہ نیہا جنید کی میت کو شناخت کے بعد راولپنڈی سے لاہور منتقل کر دیا گیا ۔ گزشتہ روز راولپنڈی میں مرحومہ کی والدہ نے میت وصول کی، جس کے بعد ایک ڈاکٹر کی نگرانی میں میت کو لاہورروانہ کر دیا گیا۔ نماز جنازہ آج ادا کی جائے گی ۔