لاہور (کرائم رپورٹر) صوبائی دارالحکومت میں طلبہ ہاسٹلز میں منشیات کے بے دریغ استعمال سے نوجوان نسل تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی۔ والدین میں تشویش کی لہر‘ ہاسٹلز میں منشیات کی سپلائی کرنے والے گروہ کا انکشاف۔ تفصیل کے مطابق صوبائی دارالحکومت اور گردونواح میں طلبہ ہاسٹلز میں منشیات کے بڑھتے استعمال سے لڑکے لڑکیاں تباہی کے دہانے پر پہنچ گئے جس سے والدین شدید پریشانی میں مبتلا ہو گئے۔ چند روز میں طلبہ ہاسٹلز میں رہائش پذیر طالبعلموں کی منشیات کے استعمال سے ہلاکت کے بعد انتظامیہ حرکت میں آگئی جبکہ چند روز قبل نجی یونیورسٹی میں ایک طالبعلم نشہ کی زیادتی سے ہلاک ہو گیا جبکہ ایک روز قبل رائیونڈ سٹی میں واقع میڈیکل کالج میں فورتھ ایئر کا طالبعلم اسد نشہ آور انجکشن لگاتے ہی تڑپ تڑپ کر دم توڑ گیا۔ پولیس نے متوفی کے کمرہ سے نشہ آور انجکشن بھی قبضہ میں لے لئے۔ ہاسٹلز میں یکے بعد دیگرے طلبہ کی ہلاکت پر انتظامیہ حرکت میں آ گئی اور ہاسٹلز میں منشیات سپلائی کرنے والے گروہ کا سراغ لگانے کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دیں۔
لاہور (خصوصی رپورٹ) تعلیمی اداروں میں منشیات فروشی پولیس کے لیے درد سر بن گئی، تفصیلات کے مطابق کچھ عرصہ میں لاہور کے تعلیمی اداروں میں منشیات کمے استعمال کے باعث تین طالب علم دم توڑ چکے ہیں۔ ہلاک ہونےوالوں میں دو کاتعلق ضلع بہاولنگر اور ایک کا تعلق کراچی سے تھا۔ ایک طالب علم منشیات کے استعمال کے باعث کئی روز تک جناح ہسپتال میں زیرعلاج رہا۔ تینوں طالب علموں کا تعلق مختلف پرائیویٹ تعلیمی اداروں سے تھا۔ متوفیوں کے اہلخانہ کی طرف سے معاملے کو دبانے کے لیے کسی قسم کا مقدمہ درج نہ کروایا گیا، ورثاءنے پولیس کو بیان دیا کہ وہ کارروائی نہیں کمروانا چاہتے۔ منشیات کے استعمال سے ہلاکتوں کے واقعات میں چوہنگ، ڈیفنس بی اور رائیونڈ کے علاقوں میں پیش آئے ہیں۔ تینوں مقدمات میں پولیس اب تک کسی بھی ملزم کو ٹریس نہ کرسکی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے یونیورسٹیز کے طالب علموں کو منشیات فراہم کرنے میں ایک سے زائد گروہ ملوث ہیں۔ طالب علم ان گروہوں سے مہنگے داموں منشیات خریدتے ہیں۔ ان منشیات فروشوں کی دسترس یونیورسٹیز ہوسٹلز تک ہے۔