کراچی(ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم اور ان کی اہلیہ شینیرا اکرم کورونا وائرس کی وجہ سے از خود تنہائی میں چلے گئے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ٹویٹر اکاونٹ پر جاری کردہ ایک ویڈیو میں 53 سالہ وسیم اکرم کہتے ہیں کہ ہم دونوں پچھلے دو دن سے کسی سے نہیں مل رہے، نہ کہیں آنا جانا کر رہے ہیں۔ لوگوں سے فاصلہ رکھنا ہی اس بیماری سے بچنے کا ذریعہ ہے، چند اصولوں پر عمل کرکے اپ اپنی اور فیملی کو محفوظ رکھ سکتے ہیں۔ شنیرا اکرم نے کہا کہ اپنے ہاتھوں کو کم از کم بیس سیکنڈز اچھی طرح دھونا ہے، چھینکتے وقت اپنے منہ کو کہنی سے ڈھانپے، ہجوم والی جگہوں سے پرہیز کریں۔ یاد رہے کہ اب تک پاکستان میں 453 افراد کورونا وائرس کا شکار ہوئے، جن میں سے 4 افراد صحت یاب ہوئے اور 3 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔چین سے پھیلنے والی یہ عالمی وبا دنیا بھر میں 10 ہزار 30 زندگیوں کے چراغ گل کر چکی ہے جب کہ اس بیماری سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ 44 ہزار سے زائد ہے۔
