دبئی(ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات کی جانب سے کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والی صورت حال کے پیش نظر مختلف خلاف ورزیوں پر بھاری جرمانوں کی فہرست جاری کر دی ہے۔ اماراتی اٹارنی جنرل کی جانب سے جاری کی گئی جرمانوں کی اس فہرست میں انتباہ کیا گیا ہے کہ جو لوگ احتیاطی تدابیر اور حکومتی پابندیوں کی خلاف ورزی کریں گے ،انہیں پانچ سو درہم سے پچاس ہزار درہم تک کا جرمانہ بھگتنا ہو گا۔ کورونا کے جو مریض اپنی بیماری ظاہر نہیں کریں گے یا علاج معالجہ نہیں کرائیں گے، ان پر پچاس ہزار درہم کا جرمانہ ہو گا۔ گھریلو قرنطینہ کی پابندی نہ کرنے والوں کو بھی اتنی ہی رقم جرمانے کی مد میں ادا کرنا ہو گی۔ جو نجی ہسپتال قرنطینہ سے متعلق مناسب بندوست نہیں کریں گے یا کورونا کا ٹیسٹ لینے سے انکار کریں گے، وہ بھی پچاس ہزار درہم کا جرمانہ بھریں گے۔کرفیو سے ہٹ کر دیگراوقات میں گھر سے بلا اجازت باہر آنے والوں پر دو ہزار درہم کا جرمانہ عائد ہو گا۔جبکہ کرفیو کے اوقات میں گھر سے باہر نکلنے پر تین ہزار درہم بطور جرمانہ عائد کیے جائیں گے۔ البتہ کھانا، دوائی اور دیگر ہنگامی صورت حال میں باہر نکلنے کی مشروط اجازت ہو گی۔ایسے ڈرائیورز جو اپنی گاڑیوں میں دو سے زیادہ مسافر بٹھائیں گے انہیں دس ہزار درہم کا جرمانہ ہو گا۔ایسے گھریلو اور ان ڈورمقامات جہاں پر کسی ایک فرد یا افراد میں کورونا وائرس کی مشتبہ علامات پائی جائیں وہاں مقیم تمام افراد کے لیے ماسک پہننا لازمی ہوگا، ورنہ انہیں ایک ہزار درہم کا جرمانہ ادا کرنا ہو گا۔ حکومت کی جانب سے پابندی کے باوجود تعلیمی ادارہ، سینما، جِم، کلب، مال، آو¿ٹ ڈور مارکیٹ، پارک، کیفے، شاپنگ سنٹرز اور ریسٹورنٹس کھولنے پر پچاس ہزار درہم کا جرمانہ بھی ہو گا جبکہ اس ادارے یا کاروباری مرکز کو سِیل بھی کر دیا جائے گا۔
اسی طرح پبلک پارکس، ساحلی مقامات، سپورٹس ٹریننگ سنٹرز، سوئمنگ پولز اور ہوٹلز کے سوئمنگ پولز بھی کھلے رکھنے پر پابندی ہے، جس کی خلاف ورزی پر پچاس ہزار درہم بھرنا ہوں گے۔ جبکہ ان مقامات کا رخ کرنے والے افراد پر بھی پانچ سو درہم کا جرمانہ ہو گا۔نجی و سماجی تقریبات اور اجتماعات منعقد کرنے والوں پر دس ہزار درہم کا جرمانہ ہو گا، جبکہ ان تقریبات میں شریک ہونے والوں پر بھی پانچ ہزار کا جرمانہ عائدکیا جائے گا۔
کورونا وائرس سے متاثرہ ممالک سے آنے والے مسافروں کووزارت صحت کی جانب سے بتائی گئی احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے پر 2 ہزار درہم کا جرمانہ ہو گا۔ ایسی مارکیٹس، روڈز اور عوامی مقامات جنہیں لاک ڈاون کے دوران بند نہیں کیا گیا، وہاں پر حفظانِ صحت سے متعلق اگر کوئی خلاف ورزی پائی گئی تو ایسی صورت میں 3 ہزار درہم کا جرمانہ ادا کرنا ہو گا۔کورونا وائرس سے متاثرہ کپڑے، سامان اور دیگر اشیائ کو مناسب طریقے سے پھینکنے اور ضائع نہ کرنے والوں پر بھی تین ہزار درہم کا جرمانہ ہو گا۔ شیلٹر شپس سے متعلق احتیاطی تدابیرکی خلاف ورزی پر دس ہزار درہم کا نقصان اٹھانا پڑے گا۔ کورونا وائرس سے متاثرہ میت کو کہیں منتقل کرتے یا دفناتے وقت احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے پر تین ہزار درہم کی بطور جرمانہ ادائیگی کرنا ہوگی۔پبلک اور پرائیویٹ ٹرانسپورٹس میں سٹیریلائزیشن کا پروسیجر اختیار نہ کرنے پر پانچ ہزار درہم کا جرمانہ بھرنا ہو گا۔ ہسپتالوں اور صحت مراکز میں غیرضروری طور پر جانے والوں پر ایک ہزار درہم کا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ کورونا کا ٹیسٹ کروانے سے انکار کرنے والوں کو بھی پانچ ہزار درہم کا جرمانہ ادا کرنا ہو گا۔ ان تمام خلاف ورزیوں کا دوسری بار ارتکاب کرنے کی صورت میں جرمانے کی رقم دگنی ہو جائے گی جبکہ تیسری بار خلاف ورزی کرنے پر عدالتی کارروائی کے بعد جیل بھیج دیا جائے گا۔
