سری نگر (ویب ڈیسک) کل ، ضلع کولگام میں حریت رہنماوں اور تنظیموں نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید کئے جانے والے چار کشمیری نوجوانوں کو شاندار خراج تحسین پیش کیا ہے۔ فوجیوں نے گذشتہ روز ضلع کولگام کے ہارڈمنگوری علاقے میں ایک کورڈن اور سرچ آپریشن کے دوران نوجوانوں کو شہید کیا۔ جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے چیئرمین شبیر احمد ڈار نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ کیران ، کپواڑہ کے چار شہداءاور کلگام کے چار شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا ، مٹی کے ان غیور بیٹوں نے ہندوستان کو بلند اور واضح پیغام دیا ہے کہ ان کے دن کشمیر میں گنے جا چکے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر میں بھارت کی طرف سے جاری دہشت گردی کا راج مکمل طور پر بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کے اعلانات کے منافی ہے۔ انہوں نے کہا ، ان مجاہدین کی بڑی قربانیوں سے دہلی میں پالیسی سازوں کو یہ سمجھنے میں مدد ملے گی کہ ان کی دہشت گردی کی تدبیریں کبھی نتیجہ خیز ثابت نہیں ہو سکتی اور وہ اب کشمیر کو اپنے زبردستی قبضے میں نہیں رکھ سکتے ہیں۔
