کابل(ویب ڈیسک) افغانستان میں طالبان اور دیہاتیوں کے درمیان خونی جھڑپ میں 15 جنگجو اور 2 دیہاتی ہلاک ہوگئے جب کہ 22 طالبان جنگجو اور 5 دیہاتی زخمی ہوئے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے سمنگان کے 2 گاوں پر طالبان جنگجووں نے دھاوا بول دیا، دیہاتیوں نے بھی حملے کا بھرپور جواب دیا۔ دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں 15 جنگجو مارے گئے جب کہ 2 دیہاتی بھی ہلاک ہوئے۔دیہاتیوں نے میڈیا کو بتایا کہ طالبان جنگجو دونوں گاوں کا قبضہ حاصل کرنے کے لیے 4 دنوں سے حملے کر رہے ہیں۔ حکومتی فورسز کی مدد کی منتظر دیہاتیوں کو اپنی مدد آپ کے تحت جنگجووں کا مقابلہ کرنا پڑا جس کے دوران دو دیہاتی بھی ہلاک ہوئے۔ترجمان گورنر سمنگان کی جانب سے جاری بیان میں دیہاتیوں کے ساتھ جھڑپ میں 15 جنگجووں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ طالبان جنگجو گاوں پر قبضہ کرنا چاہتے تھے تاہم طالبان کی جانب سے دیہاتیوں کے ساتھ جھڑپ پر کسی قسم کا تبصرہ سامنے نہیں آیا ہے۔واضح رہے کہ 29 فروری کو امریکا اور طالبان کے درمیان دوحہ میں امن معاہدے پر دستخط ہوئے تھے تاہم طالبان نے کابل حکومت پر معاہدے کی پاسداری میں تاخیری حربوں کا الزام عائد کرتے ہوئے افغان حکومت سے مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
