فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعظم پاکستان کے احساس پروگرام سے تقسیم کار نمائندے دیہاڑیاں لگانے لگے‘ فصل آباد کے حلقہ این اے 109کے کوآرڈینیٹر مبینہ طور پر احساس پروگرام کیلئے مختص رقم خوردبرد کرکے متعلقہ تھانہ میں جیب تراشی کی ایف آئی آر درج کروا دی‘ امداد کے منتظر حلقہ کے غریب خاندانوں میں شدید غم و غصے کی لہر۔ بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز فیصل آباد کے حلقہ این اے 109کے کوآرڈینیٹر محمد ساجد حسین کموکا کو حکومت کی جانب سے غریب اور ضرورت مند خاندانوں میں وزیراعظم پاکستان کے احساس پروگرام کے تحت 5لاکھ روپے دیئے گئے تھے۔ یہ رقم موصوف نے گورنمنٹ بوائز ہائی سکول ڈھڈی والا 214ب پہنچاتے ہوئے غریب خاندانوں میں تقسیم کرنا تھی لیکن اس سے پہلے کہ وہ متعلقہ سکول میں پہنچ کر حق دار غریب خاندانوں میں رقم تقسیم کرتے مبینہ طور پر جیب کٹ گئی جس کی انہوں نے متعلقہ تھانہ مدینہ ٹاﺅن میں ایف آئی آر نمبری 666/20درج کروا دی جس میں انہوں نے موقف اختیار کیا کہ وزیراعظم پاکستان کے احساس پروگرام کی 5لاکھ روپے کی رقم گورنمنٹ بوائز ہائی سکول ڈھڈی والا 214اپنی گاڑی میں ارسلان ریاض‘ علی شیر کے ہمراہ جا رہا تھا کہ راستے میں کسی نامعلوم شخص نے میری جیب سے احساس پروگرام کی 5لاکھ روپے کی رقم نکال لی ہے۔ واقعے کے بعد علاقہ میں کرونا وائرس کے پھیلاﺅ کیلئے نافذ لاک ڈاﺅن کے حکومتی احکامات کی وجہ سے بے روزگاری کا شکار غریب خاندانوں میں شدید غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔ واقعہ جنگل کی آگ کی طرح فیصل آباد کے حلقہ این اے 109سے نکل کر پورے ملک میں پھیل گیا اور سوشل میڈیا پر اس واقعے کو کسی نے (دودھ کی رکھوائی کیلئے بلی کو منتخب) کرنے والی مثال سے تشبیہ دی تو کسی نے احساس پروگرام کی پہلی کرپشن اور غریبوں کے حقوق پر پہلا ڈاکہ قرار دیتے ہوئے آئندہ بھی ایسے واقعات کی پیش گوئیاں کر دی ہیں۔ دوسری جانب تاحال کسی بھی حکومتی شخصیت کی جانب سے واقعے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔
