تازہ تر ین

فوج،ڈاکٹر نرسز،پولیس، صحافی کرونا کیخلاف فرنٹ لائن پر لڑ رہے ہیں،فیاص الحسن چوہان

لاہور (لیڈی رپورٹر)وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ ڈاکٹرز، نرسز، پولیس اور افواجِ پاکستان سمیت تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والوں کی طرح صحافی برادری بھی کرونا وائرس کے خلاف فرنٹ فٹ پر لڑ رہی ہے۔ صحافی برادری کے اس قابلِ ستائش کردار کو سراہتے ہوئے بزدار حکومت نے دیگر صوبوں پر سبقت لیتے ہوئے صحافی برادری کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے ایک خصوصی پیکیج تیار کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیرِ اطلاعات نے اپنے آفس میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اطلاعات پنجاب نے صحافیوں کی حفاظت کیلئے فوری طور پر نافذ العمل سیفٹی یڈوائزری تیار کی ہے جو پنجاب کے تمام میڈیا ہاو¿سز کو بھجوائی جا رہی ہے۔ سیفٹی ایڈوائزری میں آمد و رفت، دفتری اوقات میں صفائی و سٹنگ ارینجمنٹ، فیلڈ میں ڈیوٹی کے دوران کیمرہ اور دیگر آلات کی ڈس انفیکشن وغیرہ شامل ہیں۔ خصوصی ریلیف پیکج کی تفصیلات بتاتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ کورونا کے باعث پیدا ہونے والے economic slowdown سے میڈیا انڈسٹری تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر کے مسئلہ کو مدِنظر رکھتے ہوئے پنجاب حکومت میڈیا کے بقیہ واجبات کی جلد از جلد ادائیگی یقینی بنائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کورونا کے خلاف فرنٹ لائن پر رپورٹنگ کے دوران انفیکٹ ہونے کی صورت میں متعلقہ صحافی کو پنجاب حکومت ایک لاکھ روپے ادا کرے گی اور خدانخواستہ کورونا کے باعث وفات کی صورت میں متوفی صحافی کے لواحقین کو محکمہ اطلاعات 10 لاکھ روپے کی فوری مالی امداد اور اس کی بیوہ / فیملی کو تاحیات 10 ہزار روپے ماہانہ پینشن ادا کرے گا۔ کرونا کے انشاءاللہ خاتمے کے بعد 10 صحافیوں کو ان کی کورونا کے حوالے سے آگاہی مہم اور رپورٹنگ کی بنا پر وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے ایکسیلینس ایوارڈ، سرٹیفکیٹ اور کیش انعامات دیئے جائیں گے۔ صحافت کے شعبے سے جڑے ہاکرز حضرات کی جان کے تحفظ کیلئے محکمہ اطلاعات اخبار فروش تنظیموں کے ساتھ مل کر ان لوگوں کو ماسک اور دستانے فراہم کیے جائیں گے۔ وزیرِ اطلاعات نے یہ بھی بتایا کہ بزدار حکومت کی جانب سے ٹیکسوں پر چھوٹ میں میڈیا ہاو¿سز کو بھی شامل کیے جانے کی سمری تیاری کے مراحل میں ہے۔ انہوں نے اعتماد کا اظہار کیا کہ مشکل کی اس گھڑی میں میڈیا مالکان ورکرز کو تنخواہوں کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنائیں گے اور کسی بھی ورکر کو ناجائز نوکری سے نہیں نکالا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایسی کسی شکایت کی صورت میں حکومت ان ورکرز کو اپنی برخواستگی کے خلاف قانون چارہ جوئی کیلئے بالکل مفت قانونی مدد فراہم کرے گی۔ وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان غریب، دیہاڑی دار طبقہ کی فلاح و بہبود کے لیے سنجیدہ ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر انتظامیہ روزانہ کی بنیادوں پر گراں فروشوں، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت چارہ جوئی کر رہی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کرونا سے بچاو¿ کا عمل دو طرفہ ہے، جس میں حکومتی اقدامات کے ساتھ ساتھ عوام کی طرف سے احتیاط اور سماجی فاصلوں کی ہدایات پر سختی سے عمل پیرا ہونا شامل ہیں۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain