لاہور (خصوصی ر پورٹر )شہر میں مختلف مقاما ت پر کرو نا کیس منظر عا م پر آنے کے بعدعلاقوں کو سیل کردیا گیا جس میں چاہ میراں بازار مکھن پورہ میں کورونا کیسز سامنے آنے پر پورا علاقہ سیل کر دیا گیا۔کورونا وائرس کے17کیسز سامنے آنے پر علاقہ قرنطینہ میں تبدیل کردیا گیا۔ 154گھروں کو سیل جبکہ مارکیٹوں کو بند کردیا گیا۔ علاقے کے داخلی اور خارجی راستوں پرپولیس اہلکار تعینات کردیئے گئے۔دوسری جا نب سوڈیوال کے علاقے سکندریہ کالونی میں ایک ہی گھر کے 9 افراد میں کورونا کی تشخص، تمام مریضوں کو ایکسپو قرنطینہ سنٹر منتقل کر دیا گیا ہے۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے متاثرہ علاقے کو لوہے کا جنگلہ لگا کر سیل کر دیا گیا ہے۔ انتظامیہ نے سکندریہ کالونی کو ریڈ اور یلیو زون میں تقسیم کیا ہے۔اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر تبریز مری کہتے ہیں سکندریہ کالونی میں کورونا کے 9 مریض سامنے آئے جس کے بعد وہاں پر 80 سے زائد افراد کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔پولیس کا بتانا ہے کہ ہماری کوشش ہے کہ ان کو گھروں تک محدود رکھا جائے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے جب تک رپوٹس سامنے نہیں آ جاتیں علاقے کو سیل رکھا جائے گا۔
