تازہ تر ین

لاک ڈاون سے گرفتار غریب افراد کو رہا کرنے کا حکم،ٹیلی سکول، ٹی وی چینل کا افتتاح، گھروں میں محدود بچے تعلیم حاصل کر ینگے،عمران خان

اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ٹیلی سکول ٹی وی سے گھروں میں محدود بچوں اور دور دراز علاقوں کے لوگوں کو تعلیم کی سہولت میسر آئے گی، ٹیلی سکول ٹی وی سے تعلیم بالغاں کو بھی فروغ دیا جاسکتا ہے، ٹیلی سکول میں بہتری کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت اور پی ٹی وی کے اشتراک سے شروع کئے گئے ٹیلی سکول ٹی وی چینل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس اہم اقدام پر وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت اور وزارت اطلاعات ونشریات کا شکرگزار ہوں اور انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث مشکل حالات کا سامنا ہے، بچے گھروں میں محدود ہیں اس ٹیلی سکول ٹیلی ویژن سے انہیں تعلیم کے حصول میں مدد ملے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ کورونا کی صورتحال میں بہتری کے بعد بھی امید ہے کہ یہ چینل کام کرتا رہے گا۔ ایسے دور دراز دیہی علاقے جہاں ابھی تک اساتذہ نہیں پہنچے ان علاقوں کیلئے یہ بہترین ذریعہ تعلیم ثابت ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کی موبائل تک رسائی کے بعد وہ اب سیکھنا چاہتے ہیں۔ اس ٹیلی سکول کو اس تناظر میں تعلیم بالغاں کیلئے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ ہمارے ملک میں بچوں کی بڑی تعداد سکولوں سے باہر ہے۔ اس ذریعے سے ان کو بھی تعلیم کی فراہمی ممکن بنائی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی کسی کو معلوم نہیں ہے کہ کورونا کی یہ صورتحال کتنا عرصہ موجود رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ صحت اور تعلیم کے شعبوں کو نظر انداز کیا گیا۔ میرے حلقے کے لوگ بھی تعلیم اچھا نہ ہونے کی شکایات کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیلی سکول میں بہتری کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے کیونکہ آگے بڑھنے کا یہی راستہ ہے جب تک دور دراز علاقوں میں انفراسٹرکچر نہیں بنتا اس ذریعے سے فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔ بعدازاں وفاقی وزیر برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ملک میں دو کروڑ سے زائد بچے سکول نہیں جاتے۔ ملک میں شرح خواندگی 60 فیصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی موبائل تک رسائی کے بعد ان کی تعلیم میں دلچسپی بڑھی ہے۔ دیہی علاقوں میں ٹیکنالوجی کے ذریعے تعلیم کی فراہمی سے شرح خواندگی میں بہتری لائی جاسکتی ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم کیمعاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان بھی موجود تھیں۔ ٹیلی سکول ٹی وی چینل کے ذریعے صبح آٹھ بجے سے شام چھ بجے تک کلاسسز ہوں گی جبکہ پہلی کلاس سے بارہویں کلاس کے بچوں کو تعلیم دی جائے گی۔ وزیراعظم عمران خان نے لاک ڈان کے دوران گرفتار تمام غریب افراد کو رہا کرنے اور بیرون ملک 40 ہزار پاکستانی مزدوروں کو واپس لانےکی تیاری کے احکامات جاری کردیے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے لاک ڈان کی خلاف ورزی پر گرفتار کیے گئے تمام غریب افراد کو رہا کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ جن دیہاڑی دار اور ٹھیلے والوں کو گرفتار کیا گیا ہے انہیں فوری رہا کی جائے۔وزیراعظم نے بیرون ملک40ہزارپاکستانی مزدوروں کو واپس لانے کے لیے اقدامات کرنے کا حکم بھی دے دیا، وزیراعظم نے ہدایات دی ہیں کہ بیرون ممالک سے مزدور پاکستانیوں کی واپسی کی تیاری شروع کی جائے۔وزیراعظم کا کہنا ہے کہ بیرون ملک40ہزارپاکستانی مزدوروں کی آئندہ ہفتے واپسی کا اقدام اٹھایاجائے اور جو پاکستانی مزدور وطن پہنچیں تو واپسی پر انہیں قرنطینہ میں رکھاجائے۔ وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کمزور طبقے خصوصا مزدور، دیہاڑی دار اور سفید پوش طبقے کو ریلیف فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔ پیر کو اس امر کا اظہار وزیراعظم نے معیشت اور معاشی سرگرمیوں کے حوالے سے حکومت کی جانب سے دیے جانے والے مالی پیکیج پر عمل درآمد کے بارے میں جائزہ اجلاس میں کیا ۔اجلاس میں وفاقی وزرا سید فخر امام، حماد اظہر، عمر ایوب، اسد عمر، مشیرخزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق داد، مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین، معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر ، چئیرمین این ڈی ایم اے ، ایم ڈی یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن و دیگر سینئر افسران شریک ہوئے۔ سیکرٹری خزانہ نے معیشت کے مختلف شعبوں کو دی جانے والی مالی معاونت کی تمام تر تفصیلات اور اب تک ہونے والی پیش رفت سے اجلاس کو تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ کوکورنا وائرس کی صورتحال کے تناظر میں مختلف شعبوں کی سپورٹ کے لئے 1.2 کھرب روپے کے پیکیج کا اعلان کیا گیا ۔ان میں سے 25 ارب روپے فوری طور پر این ڈی ایم اے کو جاری کیے گئے تاکہ کورونا وائرس کی روک تھام اور مریضوں کی تشخیص و علاج معالجے کے لئے انتظامات کیے جائیں۔ طبی آلات اور طبی عملے کی سہولیات کے لئے پچاس ارب رکھے گئے۔ ٹیکس ریلیف خصوصا خوراک اور صحت سے متعلقہ سامان پر ٹیکسز کی چھوٹ کی مد میں پندرہ ارب روپے رکھے گئے جن میں سے اب تک دس ارب پورے ہو چکے ہیں۔دیہاڑی دار مزدروں کو ریلیف کی فراہمی کے لئے دو سو ارب روپے مختص کیے گئے ہیں ۔کمزور طبقوں اور پناہ گاہوں کے لئے ایک سو پچاس ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جن کا اجرا کیا جا چکا ہے۔ ان میں سے چھ ارب صرف پناہ گاہوں کے نیٹ ورک میں اضافے کے لئے فراہم کیے گئے ہیں۔ پٹرول اور ڈیزل کی مد میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے ستر ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔یوٹیلیٹی اسٹورز پر عوام کو ارزاں نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی کے لئے پچاس ارب روپے دیے گئے ہیں۔گیس اور بجلی کے بلوں کی مد میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے حکومت کی جانب سے ایک سو ارب روپے فراہم کیے جا رہے ہیں۔ایکسپورٹرز کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے ایک سو ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ایم ڈی یوٹیلیٹی اسٹورز نے یوٹیلیٹی اسٹورز پر اسٹاک کی پوزیشن، سیل میں اضافے اور ماہ رمضان کے لئے کی جانے والی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ کورونا وائرس کی صورتحال میں ہماری اولین ترجیح کمزور طبقے خصوصا مزدور، دیہاڑی دار اور سفید پوش طبقے کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میں چاہتا ہوں کہ بیرون ممالک میںمقیم سب پاکستانی وزیر اعظم ریلیف فنڈ میں پیسے ڈالیں ، کیوں ڈالیں، آپ کو ایک چیز سمجھاتا ہوں کہ ہمارے فنڈ کو آپ کے پیسے کی ضرورت ہے۔ پیر کے روز وزیر اعظم عمران خان نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے خصوصی ویڈیو پیغام میںکہا کہ امریکہ جس کی 30کروڑ آبادی ہے اس نے 2200ارب ڈالرز کا ریلیف اپنے لوگوں کو دیا ہے ، پاکستان جس کی 22کروڑ آبادی ہے ہم نے اب تک جو ریلیف کے لئے جو ٹوٹل پیسہ جمع کیا ہے وہ آٹھ ا رب ڈالرز ہیں،جرمنی اور جاپان نے ایک ، ایک ہزار ارب ڈالرز کا ریلیف اپنے لوگوں کو دیا ہے اور ان کی پاکستان سے آدھی آبادی ہے۔ اس لئے میں چاہتا ہوں کہ سار ے بیرون ملک مقیم پاکستانی اس میں شرکت کریں اور اس ریلیف فنڈ میں پیسہ ڈالیںاور آپ کی ضرورت ہے۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ میں اپنے بیرون ممالک میں مقیم اپنے سارے پاکستانیوں کو ایک پیغام دینا چاہتا ہوں کہ اس وقت جو پاکستان پر کوروناکا اتنا بڑا عذاب آیا ہوا ہے جوساری دنیا میں آیا ہوا ہے اور کوروناکی وجہ ساری دنیا میں جو لاک ڈاﺅن ہوا ہے اس کے جو اثرات ہیں اس سے بدقسمتی سے دنیا میں بھی لیکن ہمارے ملک میں جدھر پہلے ہی حالات اچھے نہیں تھے غربت بڑھ رہی ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم اپنی یوتھ سے اپنی ٹائیگر فورس سے اور اپنے بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کے چندے سے انشاءاللہ اس کوروناکے خلاف جہاد میں کامیاب ہوں گے ۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain