لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)عالم دین علامہ امین شہیدی نے کہا ہے کہ جس طرح کرونا کی وباءنے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے من حیث القوم ہم ایک بڑے چیلنج کا سامنا کر رہے ہیں ایک تو کرونا وائرس دوسری طرف غربت اور ملکی معاشی صورتحال بڑا چیلنج ہے کاروبار بند ہیں عوام بدحالی سے دوچار ہیں ان حالات میں لاک ڈاﺅن کتنا عرصہ رکھا جائے گا۔ ایسے ہی مواقع پر انسان پر یہ حقیقت آشکار ہوتی ہے کہ وہ کچھ بھی نہیں بے بس ہے پھر اسے اللہ یاد آتا ہے اورانسان کی مادی اپروچ کمزور پڑ جاتی ہے۔ چینل فائیو کی کورونا اسپیشل ٹرانسمیشن میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رمضان آنے والا ہے ہمیں چاہئے رمضان المبارک کے روزوں اور خصوصی عبادات کے لئے خوب تیاری کریں۔ عوام اپنے عزیز و اقربائ، پڑوسیوں کا بھرپور خیال رکھیں۔ طبی عملہ، ڈاکٹر ، نرسز انسانیت کی خدمت کر رہے ہیں، اللہ ہم سب کی مدد فرمائے۔ہمارا میڈیا احتیاطی تدابیر بتا رہا ہے مگر لوگوں کو عبادات اور تلاوت قرآن کریم کی طرف راغب نہیں کر رہا میڈیا لوگوں کی تربیت کرے۔ضرورت مند کی ضرورت پوری کرنے کا اجر ان گنت ہے ۔کوشش کریں دل کھول کر اللہ کی راہ میں مال دیں،ایک دوسرے کو صبر کی تلقین کریں۔عالم دین مفتی عبدالقوی نے بتایا عوام مایوسی کا شکار نہ ہوں آزمائش اللہ کی طرف سے ہی ہوتی ہے کبھی وباﺅں کی صورت میں اور کبھی مال میں کمی بھی آجاتی ہے یہ بھی آزمائش ہی ہے۔جو صبر کرتے ہیں ان کے لئے اللہ کی طرف سے خوشخبری ہے ۔امریکہ جیسے ملک بھی بے بس ہیں پاکستان میں غریب ملک ہونے کے باوجود اموات کم ہیں۔رمضان قریب ہے عوام اللہ سے رجوع کریں۔ ریاست کا کام ہے کہ ذخیرہ اندوزوں کو پکڑے تاکہ عوام مشکلات کا شکار نہ ہو۔ہماری قوم بڑی دلیر ہے انشاءاللہ جلد ہم اس مصیبت سے نکلیں گے ہمیں افراتفری کی طرف نہیں جانا مجھے یقین ہے قوم با شعور ہے۔ پاکستانیوں کو بھی ان قواعد و ضوابط کا احترام کرنا چاہئے جو حکومت کی طرف سے بتائے جارہے ہیں۔ بچوں اور بزرگوں کا خیال کریں ۔اللہ کی ذات پر یقین رکھیں پاکستانیوں کو دوسروں کی نسبت بہتر قوم سمجھتا ہو۔انشاءاللہ احتیاطی تدابیر کو مد نظر رکھ کر مسلمان نماز تراویح کا اہتمام کریں گے۔مجھے یقین ہے جلد کرونا وائرس رمضان کی برکتوں سے ختم ہو جائے گا۔ٹی وی اداکار جمال شاہ نے کہا ہے کہ کرونا نے پوری دنیا کو چیلنجز سے نبردآزما کر دیا ہمیں احتیاط کرنا ہو گی تبھی ہم قوم تب ہی بن سکتے ہیں گھروں پر رہنے میں ہی سب کی بھلائی ہے ۔لاک ڈاﺅن کے حوالے سے حکومت حکمت عملی تیار کرے تاکہ چھوٹے پیمانے پر کاروبار شروع ہو سکے دیہاڑی دار طبقہ بے روزگار ہے مجھے یقین ہے ریاست عوامی امنگوں کی ترجمانی اداروں کے ذریعے مکمل طورپر کرے گی۔میڈیا بھی مثبت کردار ادا کرے۔ہمارے وسائل اتنے نہیں کہ صرف حکومت پر تمام ذمہ داری ڈالیں عوام بھی عملی طور پر کرونا کے خلاف ذہنی طور پر تیار ہوں احتیاط اور احتیاط بہت ضروری ہے۔ اداکار فواد جلال نے بتایا کہ کورونا وائرس بہت بڑی قدرتی آزمائش ہے، عوام بالکل بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں اصل مسئلہ ہے عوام کو گھروں میں کیسے رکھا جائے جن کے بچے ہیں اور وہ غریب بھی ہیں وہ گزارہ کیسے کرے ویسے بھی سفید پوش وہ لوگ ہاتھ نہیں پھیلاتے۔ یونین کونسل اور مردم شماری کے افراد گھر گھر جائیں لوگوں سے رابطہ کریں تفصیلات حاصل کریں۔مخیر حضرات لوگوں کی مدد کریں۔ امداد ایسی ہو کہ دائیں ہاتھ سے دو تو بائیں ہاتھ کو پتا نہ چلے۔مکمل لاک ڈاﺅن ضروری ہے۔ٹائیگر فورس کو تیار ہونے میں پتہ نہیں کتنا وقت لگے گا۔ فیشن ڈیزائنرسعدیہ سہیل نے بتایا کہ کرونا کے باعث حالات خراب ہوتے جا رہے ہیں لیکن بدقسمتی سے عوام حکومتی ہدایات کو نظر انداز کر رہے ہیں گھروں پرنہیں رہ رہے جو بہت خطرناک ہے۔اس طرح حالات خراب ہی ہوں گے۔ ، عوام ریاستی احکامات کا احترام کریں۔نہ بچوں کو ساتھ لیکر بازاروں میں جائیں تاکہ نہ رش ہو سب کچھ حکومت نے نہیں کرنا اس وقت عوام کا تعاون بہت ضروری ہے۔
