ابوجا(و یب ڈ سک) نائیجیریا میں سکیورٹی فورسز نے کورونا وائرس کی وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے اقدامات پر عمل درآمد کرانے کے دوران 18 افراد کو ہلاک کر دیا ہے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق نائیجیریا میں سیکیورٹی فورس کے اہلکاروں نے لاک ڈاون کی خلاف ورزی کرنے والے 18 افراد کو گولیاں مار کر موت کی نیند سلا دیا۔انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی اہلکاروں نے طاقت کا بے جا استعمال کیا اور معصوم شہریوں کا ماورائے عدالت قتل کیا۔دوسری جانب پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ کمیشن نے اپنی رپورٹ میں اہلکاروں کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والوں کے نام اور پتے فراہم نہیں کیے اور نہ ہی یہ بتایا کہ ماورائے عدالت قتل کہاں ہوئے۔واضح رہے کہ براعظم افریقا کے سب سے زیادہ آبادی والے ملک نائیجیریا کے شہر لاگوس اور دارالحکومت ابوجا میں کورونا وائرس سے بچاو کے لیے مکمل لاک ڈاون ہے جبکہ دیگر علاقوں میں بھی کچھ پابندیاں عائد ہیں۔
