نیویارک، اسلام آباد (نمائندگان خبریں) وزیراعظم عمران خان اور امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹیلی فون پر کورونا وائرس (کوویڈ 19) سے متعلق چیلنجوں، عالمی معیشت پر اس کے اثرات کو کم کرنے سے متعلق معاملات پر بدھ کو تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماﺅں نے علاقائی امور اور پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے امریکہ میں کورونا وائرس کی وجہ سے بڑے پیمانے پر جانی نقصان پر امریکی صدر کے ساتھ اظہار ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا۔ وزیراعظم نے وائرس کا پھیلاﺅ روکنے کے لئے پاکستان کی کوششوں کے بارے میں بھی انہیں آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو کورونا وائرس پر قابو پانے اور لاک ڈاﺅن کی وجہ سے بھوک سے ملک کے بالخصوص کمزور ترین طبقات اور لوگوں کو بچانے کے دوہرے چیلنج کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے متاثرہ افراد اور کاروبار میں مدد دینے کے لئے 8 ارب ڈالر کا پیکج دیا ہے۔ آئی ایم ایف اور دیگر فورمز پر امریکہ کی طرف سے حمایت پر صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اس سے پاکستان کو ضروری مالی فائدہ اور کورونا وائرس کے اثرات کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک کے لئے قرضے میں ریلیف سے متعلق عالمی اقدام کے لئے ان کی اپیل اسی تناظر میں ہے۔ علاقائی صورتحال کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے ایک پر امن اور مستحکم افغانستان اور سیاسی حل کی اہمیت کے لئے پاکستان کی بھرپور حمایت کو اجاگر کیا۔ وزیراعظم نے افغان امن عمل میں سہولت دینے کے لئے پاکستان کے تعاون کا عزم بھی دہرایا اور بین الافغان مذاکرات فوری شروع کرنے کے لئے اگلا قدم اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ صدر ٹرمپ نے وزیراعظم عمران خان کی ٹیلی فون کال پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لئے کوششوں میں امریکہ کی طرف سے حمایت کا اظہار کیا۔ انہوں نے وینٹی لیٹرز کی دستیابی یقینی بنانے اور اقتصادی معاملات سمیت کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے کوششوں میں پاکستان کو امریکہ کی مدد کی بھی یقین دہانی کرائی۔ صدر ٹرمپ نے وزیراعظم عمران خان کے ٹیسٹ کے حوالے سے وزیراعظم کو کوویڈ 19 کے لئے تیزی سے ٹیسٹ کرنے والی جدید ترین مشین بھجوانے کی بھی پیشکش کی۔ وزیراعظم نے اس جذبے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم نے ہر مشکل کا مقابلہ استقامت اور ثابت قدمی سے کیا ہے،مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستانی عوام نے اپنے بھائیوں کی دل کھول کر مدد کی ہے کورونا ریلیف فنڈ کے حوالے سے مخیر حضرات کی جانب سے اب تک سامنے آنے والا جذبہ نہایت حوصلہ افزاءہے، وزیرِ اعظم نے امید ظاہر کی کہ پوری قوم ملکر اس مشن کو کامیاب بنائے گی۔تفصیلات کے مطابق وزیرِاعظم عمران خان سے وزیراعظم ہاو¿س میں سینیٹر فیصل جاوید نے ملاقات کی، ملاقات میں کورونا ریلیف فنڈ کے حوالے سے جمعرات کو ہونے والی ٹیلی تھون نشریات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعظم عمران خان سے معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ملاقات کی۔معاون خصوصی نے وزیر اعظم کو بتایا کہ ماہ رمضان میں پاکستان ٹیلی ویژن کی جانب سے تراویح براہ راست نشر کی جائیں گی تاکہ لوگ گھروں میں رہ کر بھی عبادت سر انجام دے سکیں۔وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کے حوالے سے موثر عوامی آگاہی مہم کو یقینی بنایا جائے۔ وزیرِ اعظم عمران خان سے چیئرمین پشاور زلمی جاوید آفریدی نے ملاقات کی جس میں جاوید آفریدی کی جانب سے کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال میں کاروباری برادری کو درپیش مسائل اور صنعتی عمل کو رواں رکھنے کے حوالے سے مختلف تجاویز وزیرِ اعظم کو پیش کیں۔ وزیرِ اعظم عمران خان نے احساس کیش ڈسٹربیوشن پوائنٹ راولپنڈی کا دورہ کر کے انتظامات کا جائزہ لیا ۔ بدھ کو معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے وزیرِ اعظم کو مستحقین میں احساس ایمر جنسی کیش کی تقسیم کے طریقہ کار اور حفاظتی اقدامات پر بریفنگ دی،وزیرِ اعظم نے احساس ایمرجنسی کیش کی تقسیم کے حوالے سے کیے گئے انتظامات کو سراہا۔ عمران خان نے کہاکہ احساس ایمرجنسی کیش پروگرام مکمل طور پر شفاف اور میرٹ کی بنیاد پر چلا یا جا رہا ہے،اس پروگرام کا مقصد مشکل کی اس گھڑی میں معاشرے کے کمزور اور مستحق افراد کی معاونت ہے ۔ عمران خان نے کہاکہ اس پروگرام کو مزید مستحکم بنانے اور اس کا دائرہ کار وسیع کرنے کے لئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
