لا ہو ر( و یب ڈ سک ) سندھ حکومت کے ترجمان بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ تاجروں اور صنعت کاروں سے کاروبار کھولنے کے عوض بھتہ مانگنے کے الزامات من گھڑت اور بے بنیاد ہیں اور اس حوالے سے وائرل آڈیو جعلی ہے۔ترجمان سندھ حکومت اور مشیر قانون و ماحولیات بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کے خلاف گمراہ کن آڈیو اور ویڈیو ٹیپ چلائی گئی جس کے لیے ہم نے ایف آئی اے کو مراسلہ لکھ دیا ہے، آڈیو ٹیپس کے ذریعے ہم پر صنعت کاروں اور تاجروں سے رشوت طلب کرنے کے الزامات لگائے گئے جب کہ بعد میں خود تاجر رہنماوں نے ان الزامات کو مسترد کردیا۔سندھ حکومت کی جانب سے ارسال کیے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے حفاظتی تناظر میں بعض عناصر سندھ حکومت کے اقدامات پر عمل درآمد نہ کرنے کے لیے تاجر برادری کو اکسا رہے ہیں، اس طرح کی جھوٹی آڈیو ٹیپ پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہیں، ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ آڈیو ٹیپ کو پھیلانے کا مقصد سندھ حکومت کے خلاف من گھڑت پروپیگنڈا مہم چلانا، عوام کی خدمت سے روکنا اور ہمارے ارادوں کو متزلزل کرنا تھا جس کی حقیقت عیاں ہوچکی ہے، تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ نے بھی جعلی آڈیو اپنے ٹویٹر اکاو¿نٹ پر بغیر کسی تصدیق کے شیئر کی جو سائبر کرائم کے زمرے میں آتا ہے۔ترجمان حکومت سندھ نے کہا کہ صنعت کاروں سے منسوب جعلی آڈیو ٹیپس میں بھتے کا الزام لگایا گیا جو سراسر من گھڑت اور بے بنیاد الزامات پر مبنی ہیں، عوام کی فلاح و بہبود اور خدمت کرنے میں صوبائی حکومت کی عوامی مثبت رائے نے مخالفین کو بوکھلا دیا ہے اور وہ کسی انجانے خوف کا شکار ہو چکے ہیں۔
