ویب ڈیسک : تمغہ امتیاز حاصل کرنے والی پاکستان کی مقبول اداکارہ مہوش حیات کا کہنا ہے کہ بالی وڈ فلم انڈسٹری اپنے کام سے پاک بھارت تعلقات کو بہتر کر سکتی ہے۔
مہوش حیات نے حال ہی میں ایک انٹرویو دیا جس میں انھوں نے اپنی آنے والی بائیوپک فلم اور مخلتف موضوعات پر بات چیت کی۔
ینظیر بھٹو کی سوانح حیات پر بننے والی فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے کے حوالے سے مہوش حیات نے کہا کہ ’میں ابھی اِس فلم کے بارے میں زیادہ تفصیل سے بات نہیں کرنا چاہتی کیونکہ یہ فلم ابھی ابتدائی مراحل میں ہے۔‘
مہوش حیات کا کہنا تھا کہ ’مجھے عوامی سطح پر اِس فلم کے بارے میں زیادہ کچھ بتانے کی اجازت نہیں ہے لیکن اتنا کہنا چاہوں گی کہ محترمہ بے نظیر بھٹو میرے لیے ایک شیکسپیرین ہیروئن ہیں اور یہی وجہ ہے کہ میں نے اُن کا کردار نبھانے کا انتخاب کیا۔‘
اُنھوں نے کہا کہ ’فلم میں محترمہ بے نظیر کے آکسفورڈ کے دنوں کو دِکھانا اور جس طرح اُنہیں شہید کیا گیا، اُن کی تمام تر خدمات کو بطور کردار فلم میں ادا کرنا میرے لیے ایک بہت بڑے اعزاز کی بات ہے۔‘
مہوش حیات نے اپنے انٹرویو میں انکشاف کیا کہ ’میں کسی بھی کردار کے انتخاب کرنے سے پہلے اُس کے بارے میں جانتی ہوں کہ اِس کردار کی خاصیت کیا ہے اور اِس کردار میں عورت کو مضبوط دکھایا گیا ہے یا نہیں، یہ سب جاننے کے بعد ہی میں وہ کردار نبھاتی ہوں ۔‘