ویب ڈییسک : رحیم یار خان میں موٹروے پر تیز رفتار کار میں آتشزدگی سے 4 افراد جاں بحق ہوگئے ۔
تفصیلات کے مطابق رحیم یارخان میں موٹروے 5 پر تیز رفتار کار الٹنے کے بعد اس میں آگ لگ گئی جس سے کار میں سوار ایک ہی خاندان کے 4 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے ہیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ ملتان سکھر موٹر وے 5 پر ترنڈہ محمد پناہ انٹر چینج کے قریب پیش آیا جہاں بدنصیب خاندان کی کار تیز رفتاری کے دوران بے قابو ہو کر الٹ گئی اور اس میں آگ لگ گئی۔
افسوسناک حادثے میں 2 بچوں اور خاتون سمیت 4 افراد جھلس کر موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ 2 خواتین اور 1 بچے سمیت 3 افراد شدید زخمی ہیں۔
ذرائع کے مطابق زخمیوں کو شیخ زید اسپتال کے برن یونٹ میں منتقل کیا گیا ہے جہاں 2 خواتین کی حالت تشویش ناک ہے۔
واضح رہے کہ حادثے کا شکار ہونے والا خاندان بہاول پور سے رحیم یار خان آ رہا تھا۔