ویب ڈیسک : سابق وزیرِ اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی بھی مہلک وبا کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما و سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے نے ان کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق سوشل میڈیا پیغام کے ذریعے سے کی۔
یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے قاسم گیلانی نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر والد کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی حکومت اور قومی احتساب بیورو (نیب) کا شکریہ کہ آپ میرے والد کی زندگی کو خطرے میں ڈالنے میں کامیاب ہوئے۔
قاسم گیلانی نے مزید کہا کہ میرے والد کا کووڈ-19 یعنی کورونا وائرس کے ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آیا ہے۔
واضح رہے کہ ملک میں کورونا کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور اب تک قومی و صوبائی اسمبلیوں کے کئی ارکان وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں جب کہ کچھ وائرس سے انتقال بھی کرگئے۔
ملک بھر میں کورونا وائرس کی صورتحال
پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 32 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جب کہ کورونا وائرس سے ہونے والی ہاکتوں کی تعداد 2500 سے زائد ہے۔