(ویب ڈیسک)امریکا کی ریاست اوہائیو میں واقع شہر سنسناٹی میں مختلف مقامات پر فائرنگ کے نتیجےمیں چارافراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق ہفتہ اور اتوار کی درمیان شب نصف بجے سنسناٹی کے علاقے شلفونٹ پلیس میں ایک 21 سالہ نوجوان پر فائرنگ کی گئی تھی۔اس کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ دوران ِ علاج دم توڑ گیا ۔
پولیس کے مطابق اسی علاقے میں فائرنگ سے زخمی تین اور افراد کو بھی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
دوسرےواقعےمیں سوا 2 بجےشہرکےایک اورعلاقے اووردارہین میں 10 افراد کو گولی مارکرزخمی کردیا گیا۔ ان میں سے ایک موقع پر ہی دم توڑ گیاجبکہ ایک سنسناٹی یونیورسٹی کے میڈیکل سینٹرمیں ذزخموں کی تاب نہ لاتےہوئے چل بسا،دونوں مقتولین کی عمریں 34سال اور 30 سال بتائی گئی ہیں۔
پولیس نے شہر کے علاقے والنَٹ ہِلز میں نصف شب کے وقت فائرنگ کے ایک اور واقعے کی اطلاع دی ہے جہاں تین افراد کو گولی مار کر زخمی کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق یہ تینوں واقعات 60 سے 90 منٹ کے دورانیے میں پیش آئے ہیں۔شہر کے اسسٹنٹ پولیس چیف پال نیوڈی گیٹ نے میڈیا بریفنگ مین بتایا کہ بظاہر یہ الگ الگ واقعات ہیں لیکن بہت خوف ناک اور الم ناک ہیں۔
پولیس نے فائرنگ کےچوتھےواقعےکی تفصیل جاری نہیں کی ہے ۔ البتہ ٹیلی ویژن چینلوں کی رپورٹس کے مطابق یہ شہر کے علاقے ویسٹ اینڈ میں پیش آیا ہے جہاں اتوار کی صبح ایک شخص کو گولی مار دی گئی اور موقع پر ہی اس کی موت واقع ہوگئی ہے۔
ان چاروں واقعات میں ملوّث ملزم یا ملزموں کے بارے میں فوری طور پر کوئی معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔
شہر کے پولیس سربراہ ایلیٹ اسحاق نے تشدد کے ان واقعات کو ناقابل قبول قرار دیا ہے ۔