اسلام آباد(ویب ڈیسک): وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ شکست خوردہ کرپٹ مافیا لوٹا مال بچانے کے لیے پھر جمع ہو رہا ہے، اس مافیا کا واحد مقصد لوٹ مار ہے۔
تفصیلات کے مطابق اپوزیشن کی جانب سے کل اسلام آباد میں کل جماعتی کانفرنس کا انعقاد کیا جا رہا ہے، اپوزیشن جماعتوں نے حکومت کے خلاف سخت مؤقف اپنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے اپوزیشن کے اکٹھ پر اے آر وائی نیوز کے بیورو چیف صابر شاکر سے گفتگو میں کہا کہ یہ سب لوٹ کا مال بچانے لیے جمع ہو رہا ہے لیکن اب یہ مافیا دوبارہ کامیاب نہیں ہو سکے گا۔
انھوں نے کہا ہماری حکومت ملکی جغرافیائی اور نظریاتی اساس کی محافظ ہے، پاکستان کو ریاست مدینہ کے عین مطابق ڈھالیں گے، پاکستان کے دشمن ملک کو کم زور کرنا چاہتے ہیں، ملک میں فرقہ واریت پھیلانا دشمن کا پرانا حربہ ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ فیٹف کے سلسلے میں اہم ترین قانون سازی پر اپوزیشن کو واضح شکست ہوئی ہے، اپوزیشن کا پاکستان مخالف ایجنڈا اور ذہنیت بھی واضح ہو گئی ہے، آئندہ بھی مشترکہ اجلاس بلا کر قانون سازی کی جائے گی۔
عمران خان نے کہا کہ پاکستان صحیح سمت میں آگے بڑھ رہا ہے، پاکستان کی خوش حالی کا سفر شروع ہو گیا، اسے سبوتاژ کرنے کے لیے مافیا پھر جمع ہو رہا ہے، لیکن احتساب بلا امتیاز سب کا ہوگا۔
وزیر اعظم نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر کہا کہ پاکستان کا مفاد اس میں ہے کہ چوری کیا ہوا پیسہ واپس آئے جب کہ اپوزیشن اس بات میں دل چسپی رکھتی ہے کہ ان کا چوری کا پیسہ محفوظ رہے، اپوزیشن سے ملک اور جمہوریت کی خاطر ہر طرح کا سمجھوتا کرنے کے لیے تیار ہیں تاہم کرپشن پر کسی صورت سمجھوتا نہیں کریں گے۔